• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ وقتوں میں شیشے کے گھروں میں رہنا محض محاورے کے طور پر استعمال ہوتا تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ شیشے سے بنی اشیا نے گھروں میں جگہ بنالی۔ شیشے جیسے نازک مٹیریل کا تعمیرات میں استعمال ایک ایسا خواب سمجھا جاتا تھا جس کی تکمیل بے حد مشکل تھی۔ تاہم بدلتے وقت نے جہاں فن تعمیر کے طور طریقے بدلے ہیں، وہیں عام گھروں میں بھی شیشے سے بنی اشیا کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 

کہیں شیشے کا دروازہ تو کہیں شیشے سے بنی کیبنٹس حتیٰ کہ شیشے کے فرش پر بھی کام کیا جانے لگا ہے لیکن گھر کی تعمیر کے دوران بجٹ کے اندر رہتے ہوئے موزوں، پائیداراور خوبصورت دروازوں کا انتخاب ایک مشکل اوروقت طلب مرحلہ ہوتا ہے۔ اگر آپ بھی اپنے گھر میں شیشے کے ذریعے تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بہترین آئیڈیا شیشےسے بنے دروازے لگانا ہے۔ آج ہم اپنے قارئین کو شیشے سےبنے دروازوں کے کچھ ایسے جدید انداز بتانے جارہے ہیں جو آپ کے لیے نہ صرف معاون ثابت ہو ں گے بلکہ آپ کے تعمیراتی منصوبے کی قدروقیمت میں بھی اضافے کا سبب بنیں گے۔

داخلی دروازہ

گھر کے اندرونی حصے میں داخلے کے لیے عام طور سےلکڑی یا لوہے کے مضبوط دروازوں کا انتخاب کیا جاتا ہے لیکن آپ کچھ منفرد کرتے ہوئےشیشے کے دروازے استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم گھر کے اس حصے میں شیشے کا دروازہ بنواتے وقت اس بات کا ضرور خیال رکھیںکہ آپ کا گھر محفوظ اور شائستہ علاقے میں موجود ہو تاکہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں سے محفوظ رہ سکیں۔ 

یہ دروازے مضبوط اور قابل بھروسہ ہوتے ہیں، ان کی صفائی قدرے آسان ہوتی ہے اور زنگ وغیرہ سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ اگر آپ مکمل طور پر شیشے کا داخلی دروازہ نہیںلگانا چاہتے تولکڑی کے ساتھ بھی اس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دروازے کے اوپری حصے پر کٹ ورک کے ذریعے شیشہ نصب کرواکر گھر کے بیرونی حصے کو ایک بہترین انداز دیا جاسکتا ہے۔

ڈیجیٹل پرنٹنگ

آجکل کی اس ڈیجیٹل دنیا میں جب ڈیجیٹل فلورنگ، ڈیجیٹل بیڈشیٹ اور ڈیجیٹل پردوں کا رواج عام ہوگیا ہے تو شیشے کے دروازے میں اس رجحان کو کیوں نہ اپنایا جائے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بیڈ روم منفرد نظر آئے اور ساتھ ہی اس کی پرائیویسی بھی متاثر نہ ہو تو ڈیجیٹل پرنٹڈ گلاس ڈور کا انتخاب آپ کے بیڈروم کے لیے بہترین ہے۔ ڈیجیٹل پرنٹ والے شیشے کے دروازے آپ گھر کے دیگر کمروں میں بھی لگا سکتے ہیں جو دیکھنے میں انتہائی شاندار لگیں گے۔

آرٹائڈ گلاس ڈور

شیشے میں نقش و نگاری کرکے تیاری کیا جانے والا دروازہ نہایت خوبصورت لگتا ہے۔ اس طرح کا دروازہ بیڈروم کے لیے نہایت عمدہ رہتا ہے۔ اس میں باہر سے روشنی تو نظر آتی ہے مگر اندر کچھ دکھائی نہیں دیتا، جس کی وجہ سے رازداری برقرار رہتی ہے۔

فلیئر گرینائٹ

فلیئر گرینائٹ گلاس ڈور عام طور پر لیونگ روم یا ڈرائنگ روم میں لگوائے جاتے ہیں۔ ان شیشے کے دروازوں کے درمیان گرینائٹ ڈیزائن بنایا جاتا ہے جو ایک نہایت نفیس تاثر دیتا ہے۔ یہ دروازے بنا فریم کے ہوتے ہیں، مثال کے طور پر دروازے کی چوکھٹ بنوانے کے بعد اس میں شیشہ نصب کردیا جاتا ہے۔ یہ دیکھنے میں آپ کے ڈرائنگ روم کو عالیشان طرز فراہم کرتے ہیں ۔ان دروازوں کے لیے نہ صرف غیر مماثل بلکہ مختلف رنگوں کے شیشوں کا رجحان مقبولیت پانے لگا ہے۔

ماڈرن انٹیریئر ڈور

ماڈرن انٹیریئر ڈور دکھنے میں سادے مگر چشم کشا ہوتے ہیں۔ اگر آپ نےجدید ٹرینڈ کے پیش نظر گھر کی تعمیر کا ارادہ کیا ہے تو ماڈرن انٹیریئر ڈور آپ کے گھر میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوں گے ۔ یہ گھر کو جدت فراہم کرنے کے ساتھ اس کی خوبصورتی بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

ون سلائڈنگ

آپ نے عموماً گھروں میں ٹو سلائیڈنگ ڈور دیکھے ہوں گے جو آگے پیچھے ایک دوسرے میں ضم ہوجاتے ہیں لیکن ون سلائڈنگ گلاس ڈور کم ہی نظر آتے ہیں۔ یہ انداز منفرد ہونے کے ساتھ سہولت کا باعث بھی ہوتا ہے کیونکہ عام دروازوں کی نسبت یہ جگہ نہیں گھیرتے۔ ون سلائیڈنگ گلاس ڈور کے لیے پائپ میں ایک سلائیڈنگ گلاس سیٹ کیا جاتا ہے جو اپنی ریلنگ میں رہتے ہوئے آگے پیچھے حرکت کرتا ہے۔

فیوزڈ گلاس ڈور

منفرد رنگوں اور فیوژن ٹیکنالوجی کے ہمراہ بنائے جانے والے فیوزڈ گلاس ڈور دکھنے میں نہ صرف خوبصورت لگتے ہیں بلکہ مضبوطی اور پائیداری میں بھی اپنی مثال آپ ہوتے ہیں۔ دروازے پر نظر آتے جابجا خوبصورت رنگ کمروں کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ہوتے ہیں ۔

پورشن کی تقسیم

شیشوں کا استعمال دروازوں کے علاوہ پورشن کی تقسیم کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے۔ لاؤنج اور کچن کو علیحدہ رکھنے یا ڈرائنگ روم کو ڈائننگ روم سے علیحدہ رکھنے کے لیے شیشے کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ شیشے دوطرفہ بلائنڈ ہوتے ہیں اور ایک طرفہ بھی یعنی ایک طرف سے آپ آرپار دیکھ سکتے ہیں مگر دوسری طرف سے نہیں۔ ان کی یہ خصوصیات دن کو رات یا روشنی کو اندھیرے میں بدل دیتی ہیں۔

تازہ ترین