اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پنا ما لیکس پرچیف جسٹس کی سربراہی میں چوبیس اپریل سے قبل کمیشن کافیصلہ کرلیاجائے ٗحکمران سچے ہیں توکمیشن بنائیں ورنہ انہیں جاناہوگا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے مسئلہ کو حکومت نے گھمبیر بنا دیا ہے ٗیہ تاثر دیا حارہاہے کہ ماورائے آئین حکومت کو گرا دیا جائیگا حکومت پریشان ہے اور وزیراعظم ہاؤس میں عجیب سماں ہے۔انہوںنے کہاکہ پانامہ لیکس کے معاملے میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، یہ بین الاقوامی مسئلہ ہے۔ وزیراعظم کو مشورہ ہے کہ آرام کریں آدھا آدھا گھنٹہ قوم سے خطاب نہ کریں ٗتمام جماعتیں اور عوام انکے ساتھ بھی ہوئیں تو بھی ان کو استعفیٰ دے کر جانا ہوگا ٗفیصلہ ایوان میں ہونا ہے برطانیہ میں نہیں۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ پی ٹی آئی کویوم تاسیس کی اجازت دینا خوش آئند ہے، چوہدری نثار نے اچھا فیصلہ دیا ہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی راکے ایجنٹ کلبھوشن یادیوسے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کلبھوشن کے حوالے سے ایک بات بھی نہیں کی۔