• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں لوڈشیڈنگ کی بدترین صورتحال، شہریوں کا برا حال

کراچی میں لوڈشیڈنگ کی بدترین صورتحال، شہریوں کا برا حال 


کراچی (ٹی وی رپورٹ، ایجنسیاں)کراچی میں لوڈشیڈنگ کی بدترین صورتحال جاری ہے، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12سے 14گھنٹے برقرار ہے، طویل دورانہ کے لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا برا حال کر دیا ہے، صورتحال سے تنگ شہریوں کی جانب سے اب مختلف علاقوں میں احتجاج شروع کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کے بعد گیس لوڈشیڈنگ کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر کم ہونے سے عوام پریشان ہیں۔ شہری کہتے ہیں صبح ہو یا شام گیس کا پریشر کم ہونے سے کھانا پکانا مشکل ہوگیا۔شہر کے مختلف علاقوں کی تقریبا یہی صورتحال ہے۔ گیس آتی نہیں اور اگر آبھی جائے تو پریشر نہیں۔ خواتین کو دن اور رات کے کھانے کیلئے صبح ہی تیاری کرنا ہوتی ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کو اس وقت ایک سو پچاس ایم ایم سی ایف ڈی شارٹ فال کا سامنا ہے۔جس کے باعث نہ صرف گھریلو بلکہ سی این جی اور صنعتی صارفین مشکلات سے دوچار ہیں۔دریں اثناء گیس فیلڈ میں سالانہ مرمتی کام کی وجہ سے کے الیکٹرک کو دی جانے والی گیس کا پریشر 30 ستمبر کے بعد ہی بہتر ہوسکے گا جسکے باعث کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ اس ماہ کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین