• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دینے کی کبھی ہمت نہیں کریگی، فوادچوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اسمبلیوں سےاستعفے دینے کی کبھی ہمت نہیں کریگی۔

ماہر امور توانائی خرم شہزاد نے کہا کہ پورے ملک میں گیس کی قلت ہے، رہنما ن لیگ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ فیٹف پر جو قانون سازی ہوئی ہے انہوں نے اپوزیشن کے ساتھ جو مذاکرات کئے ہیں اس میں سات بل اپوزیشن کی ترامیم کے ساتھ پاس ہوئے ہیں۔

نیب کے بل پر انہوں نے ایک ڈرامہ کھڑا کردیا کہ یہ تو ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔یہ اب قانون سازی میں تعاون نہیں کریں گے اس کے بعد بھی چار بل پاس ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی،فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے اگر اپنے بیانیہ میں تبدیلی کی تو میں اس کو خوش آمدید کہوں گا۔اب وقت آگیا ہے کہ ن لیگ شریف فیملی سے فاصلہ کرے اور اسے ایک قومی جماعت کے طورپر ابھرنے کا سوچنا چاہئے ۔ابھی سینیٹ کے جو انتخابات آرہے ہیں اس میں ہم نے کہا کہ اس کو اوپن کردیں اس کا فائدہ بھی اپوزیشن کو ہوگا۔

نواز شریف تاریخ کے ایک حصے کو بیان کرنا چاہتے ہیں اور دوسرے حصے کو بھول جانا چاہتے ہیں،ہمیں ایک ایسی حکومت کے طور پر آگے چلنا ہے جس میں ہم آہنگی ہو۔عمران خان نے جب بات کی تو اس وقت ملک میں آمریت تھی اس کے بعد ان کے بیانات نہیں ہیں۔

اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دینے کی کبھی ہمت نہیں کرے گی ۔اس وقت تمام ادارے اپنے آئینی رول کے مطابق کام کررہے ہیں باہر بیٹھے تماشائی جو تالیاں بجانا چاہتے ہیں وہ تالیاں بجاتے رہیں ۔ماہر امور توانائی، خرم شہزاد نے کہا کہ پورے ملک میں گیس کی قلت ہے ۔

6 بلین کیوبک فٹ یومیہ کی طلب ہے اور رسد4 بلین کیوبک فٹ یومیہ ہے۔ دو بلین کیوبک فٹ کی قلت بہت زیادہ ہے اور اس قلت کو ایل این جی ٹرمینل پورا کرتے ہیں۔ 

پورے پاکستان میں جو گیس کی سپلائی ہوتی ہے سندھ اس کا65 فیصد فراہم کرتا ہے اور سندھ کی ضرورت35 فیصد کی ہے جبکہ پنجاب گیس کی کھپت پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

تازہ ترین