• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی بڑھ گئی ، رحیم یار خان ، سبی کا درجہ حرارت 44، لاہورکا 39ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا

لاہور ( نیوزرپورٹر)لاہور  سمیت ملک بھر میں موسم خشک اور گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہونے لگا ہے ۔سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے  ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق  بارش کا سبب بننے  والی ہوائوں کا نیا سلسلہ آج سے ملک میں داخل ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگی ۔ لاہور اور بالائی پنجاب ، کشمیر، شمالی علاقوں میں ہفتہ اور پیر کے دوران مطلع جزو ی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز  لاہور کا مطلع تمام دن صاف رہا جس کی وجہ سے دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ۔ لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ماہ رواں میں پہلی بار39ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ اسی طرح سے کم سے کم درجہ حرارت بھی بڑھ کر 22سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بڑھتی ہوئی گرمی کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب بھی بہت کم رہ گیا ہے۔ لاہور میں نمی میں کا تناسب صرف 16فیصد رہا۔ ملتان، فیصل آباد، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ  گجرات، راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں درجہ حرارت 40سینٹی گریڈ سے بھی کافی اوپر چلا گیا ہے۔ رحیم یار خان ، دادو اور سبی کا درجہ حرارت 44ڈگری ، نور پور تھل ، بہائولپور، خانپور، جیکب آباد ، سکھر ، لاڑکانہ ، نواب شاہ اور موہنجوداڑو کا درجہ حرارت 43سنٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے مغربی ہوائوں کی آمد کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگی۔ لاہور اورپنجاب کے بالائی علاقوں ،کشمیر اور شمالی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر بارش اور آندھی آنے کا امکان ہے۔  
تازہ ترین