• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی مخالفت کے بعد ن لیگی ایم پی اے کی پی ٹی آئی رہنما سے ملاقات



سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان کی مخالفت کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے جلیل شرقپوری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چودھری سے ملاقات کی ہے۔

تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے نوازشریف کی تقریر پر میاں جلیل شرقپوری کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کے ارکان پارلیمنٹ مفرور نواز شریف پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس موقع پر اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تقریر بھارت اور اسرائیل کو خوش کرنے کی کوشش تھی۔

اعجاز چودھری نے کہا کہ سزا یافتہ اشتہاری مجرم کے بیان کو ملک کے غیور عوام نے مسترد کر دیا ہے، حکومت اور پوری قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ٹولہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

تازہ ترین