واشنگٹن(جنگ نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو کی ساتویں سرکٹ کورٹ آف اپیل کی جج ایمی کونی بیرٹ کو سپریم کورٹ کی خالی نشست پر جج نامزد کر دیا ہے۔ یہ نشست چند روز قبل جج جسٹس روتھ بیڈر گنزبرگ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔صدر ٹرمپ نے 87 سالہ جج جسٹس روتھ بیڈر گنزبرگ کی چند روز قبل کینسر سے انتقال کے بعد یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اُن کی جگہ کسی خاتون جج کو ہی نامزد کریں گے۔وائٹ ہاؤس میں اپنی نامزدگی کے بعد مختصر خطاب میں ایمی کونی بیرٹ نے جسٹس روتھ بیڈر گنزبرگ کی بطور جج اور خواتین کے حقوق کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔صدر ٹرمپ نے ہفتے کو وائٹ ہاؤس میں بیرٹ کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس عہدے کے لیے مکمل قابلیت رکھنے والی ذہین خاتون ہیں۔صدر نے کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ بیرٹ کی نامزدگی کو با آسانی سینیٹ سے منظوری مل جائے گی۔