• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان کو نیب طلبی کا کوئی نوٹس موصول نہ ہوسکا

پشاور( گلزارمحمدخان) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کو آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کیلئے طلبی کا کوئی نوٹس تاحال جاری نہ ہوسکا ، نیب ذرائع کے مطابق کال اپ نوٹس چیئرمین نیب کو ارسال کیا گیا جن کی منظوری کے بعد مولانا فضل الرحمان کو بھیجا جائیگا تاہم جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان نے طلبی نوٹس کو صرف میڈیا ٹرائیل اور نیب کو حکومت کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائد جمعیت کو طلبی کا نوٹس موصول ہونے کی صورت میں قانونی مشیروں سے مشاورت کے بعد پارٹی اکابرین کسی فیصلہ اور لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نیب پشاور نے مولانا فضل الرحمان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی شکایت پر3ستمبر کو چیئرمین نیب کو کیس بھیجا تھا جنہوں نے 18ستمبر2020کو مولانا فضل الرحمان کیخلاف انکوائری کی منظوری دی جس کے بعد نیب پشاور نے مولانا فضل الرحمان کو یکم اکتوبر کو طلب کرنے کی غرض سے نوٹس تیار کرتے ہوئے حتمی منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو ارسال کیا ہے تاہم مولانا فضل الرحمان کو نیب کی جانب سے طلبی کا کوئی نوٹس تاحال نہیں مل سکا ہے، اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان مولانا حافظ حسین احمد نے تصدیق کرتے ہوئے’’ جنگ‘‘ کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کو نیب کی جانب سے کوئی کال اپ نوٹس نہیں ملا ہے بلکہ یہ سارا ڈرامہ میڈیا ٹرائل سے شروع اور میڈیا ٹرائل پر ہی ختم ہوگا، انہوں نے کہاکہ نیب حکومت کا آلہ کار بنا ہوا ہے جو کسی کے اشارہ پر اس معاملہ کو میڈیا میں اچھال رہا ہے، انہوں نے کہاکہ اگر نیب کا کوئی نوٹس موصول ہوا تو قانونی مشیروں سے مشاورت کے بعد پارٹی اکابرین کسی فیصلہ اور لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
تازہ ترین