• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد رائے وزیر ثقافت و سیاحت سندھ کے شُکر گُزار کیوں؟

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید سردار علی شاہ کا شکریہ ادا کرلیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد رائے نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں گلوکار صوبہ سندھ کی تاریخی کینجھرجھیل کے کنارے بیٹھے قدرت کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

شہزاد رائے کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر ’بلیک اینڈ وائٹ‘ ہے جبکہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تصویر رات کے وقت لی گئی۔

ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے شہزاد رائے نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ ’تصویر میں وہ کینجھر جھیل پر موجود ہیں جبکہ تصویر میں نظر آنے والا درخت 600 سال پُرانا ہے۔‘

شہزادرائے نے اپنے ٹوئٹ میں وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید سردار علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کا شُکر گُزار ہوں کہ آپ ایسی تاریخی جگہوں کی بحالی کے لیے عظیم کام کر رہے ہیں۔‘

گلوکار کے اس ٹوئٹ کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے جبکہ تفریحی مقامات کے بہتر ماحول اور بحالی کے لیے سندھ حکومت کا شکریہ ادا بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کینجھر جھیل جو کلری جھیل بھی کہلاتی ہے کراچی سے 122 کلو میٹر کی مسافت پر واقع پاکستان میں میٹھے پانی کی دوسری بڑی جھیل ہے، یہ کراچی اور ٹھٹھہ کے اضلاع کو فراہمی آب کا اہم ذریعہ ہے۔

13,468 ایکڑ پر محیط یہ جھیل ناصرف مقامی و مہاجر پرندوں کا مسکن ہے بلکہ اس کے عین وسط میں صوبہ سندھ کی مشہور رومانوی لوک داستان نوری جام تماچی کے کرداروں کا مزار بھی ہے جو لوگوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے۔

تازہ ترین