پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے پاکستان کی پہلی پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کا مشہور گانا ’زندگی‘ کے چند بول گنگنا کر مداحوں کے دل جیت لیے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد رائے نے اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں گلوکار ہردلعزیز نازیہ حسن کو یاد کرتے ہوئے اُن کا مشہور گانا ’زندگی ‘ گارہے ہیں۔
پیانو بجاتے ہوئے شہزاد رائے نے ناذیہ حسن کا گانا کچھ اس طرح گنگنایا:
یادوں میں کھویا، نہ جاگا نہ سویا
اُن سے بچھڑ کے میں رویا
یہ دُکھ ہمارا، یہ سُکھ ہمارا
گیتوں میں جو میں نے پیرویا
احساس تیرے رہیں پاس میرے
میں رہوں نہ رہوں
میرا یہ قصّہ جیون کا حصّہ
میں یہ کہوں نہ کہوں
میری نظر کا، تیری نظر کو سلام
ہونٹوں پہ میرے شام و سویرے تیرا نام
گلوکار نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خالی کمرے میں محبت بھرے گیت گنگنانے کا الگ ہی مزہ ہے۔‘
شہزاد رائے کی آواز میں نازیہ حسن کے گانے کی چند سطر کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پاپ موسیقی کو غیر معمولی شہرت بخشنے والی خوبرو گلوگارہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔
1980 میں پندرہ سال کی عمر میں وہ اس وقت شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں جب انہوں نے بھارتی فلم قربانی کا گیت ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے‘ گایا جس کے بعد 1981 میں ریلیز ہونے والے نازیہ حسن کے پہلے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے سابقہ تمام ریکارڈز توڑ دیے۔
نازیہ حسن محض 35 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہو کر 13 اگست سال 2000 کو اس دار فانی سے رخصت ہوگئیں لیکن اُن کی سُریلی آواز اور مُُسکراتا چہرہ پرستاروں میں آج بھی مقبول ہے۔
نازیہ حسن کو 2002 میں حکومت پاکستان کی طرف سے بعدازوفات پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔