• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد نے شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دے دیا


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کو خوش آئند قرار دے دیا۔

لیگی صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردِعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتساب کا جو وعدہ کیا تھا یہ گرفتاری اس طرف سنگ میل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری اہم پیش رفت ہے، شہباز شریف کیس کی تحقیقات بہت اچھی ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں نے 41 والیم پر مبنی تحقیقات کی ہیں، کس طرح پیسہ باہر بھیجا ہے اور کس طر ح یہ پیسہ واپس آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ احتساب کے تمام اداروں میں لوگوں کو مسلم لیگ (ن) کے دور میں لگایا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بنائے گئے قوانین ہیں، شہباز شریف کی گرفتاری پر تحریک انصاف کو الزام دینا درست نہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام ثبوت، دستاویزی شکل میں ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے کیس کا تذکرہ بھی کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کیس میں 63 والیم پر مبنی تحقیقات ہیں۔

انھوں نے تحقیقاتی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرپشن بے نقاب کرنے کے لیے احتساب کے اداروں نے اچھا کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کیس پر اپوزیشن نے کس طرح شور مچایا، اپوزیشن کی بڑی قیادت منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری پیسے باہر بھیجنے والے دوسرے لوگوں کے لیے بھی پیغام ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان لوگوں نے ایک تو کرپشن کی، دوسرا پیسہ بیرون ملک بھیجا، یہ دہرا جرم ہے۔

انھوں نے تجویز دی کہ منی لانڈرنگ میں ملوث اپوزیشن کے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے ایک مرتبہ پھر اپنے پرانے عزم کو دہرایا کہ احتساب کا عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عوام کاپیسہ واپس نہیں آتا۔

تازہ ترین