• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرائم ہسپتال میں کلب فٹ اور پیڈیاٹرک آرتھوپیڈکس خدمات کا آغاز

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پرائم ٹیچنگ ہسپتال (پی ٹی ایچ) پشاور نے ہڈیوں اور جوڑوں سے متعلق امراض میں مبتلا بچوں کی نگہداشت اور علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کلب فٹ اور پیڈیاٹرک آرتھوپیڈکس کے شعبے میں طبی خدمات کا آغاز کردیا، شعبے کا افتتاح معروف آرتھوپیڈک اور اسپائن سرجن پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال لاہور میں شعبہ آرتھوپیڈکس اور ریڑھ کی ہڈی کے سربراہ ہیں اوروہ اب تک ملک بھر کے110 ایف سی پی ایس آرتھوپیڈک سرجنوں کو تربیت دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر سعید احمدجو پاکستان میں پیڈیاٹرک آرتھوپیڈک سرجنوں میں سے ایک ہیں پرائم ہسپتال میں کلب فٹ اور پیڈیاٹرک آرتھوپیڈک خدمات کے انچارج ہوں گے۔ انہوں نے2016 میں گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال لاہور سے آرتھوپیڈکس میں ایف سی پی ایس کیا، تربیت پاکستان کے نامور پیڈیاٹرک آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر چراغ محمد خان اور انسل ہسپتال برلن سے پیڈیاٹرک ہپ امراض کی تربیت اور سیٹل چلڈرن ہسپتال امریکہ سے پیڈیاٹرک پیر اور ٹخنوں کی عوارض کی بھی تربیت حاصل کررکھی ہے۔ پاکستان میں 40 فیصد آبادی 18 سال سے کم عمربچوں پرمشتمل ہے اورپاکستان میں بہت کم ایسے اسپتال موجود ہیں جو پیڈیاٹرک آرتھوپیڈکس کے شعبے میں خدمات فراہم کررہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بچوں میں چوٹوں، انفیکشن اور معذوری کے اثرات اور ان کا علاج چونکہ بڑوں سے مختلف ہوتاہے اس لئے ان کے علاج معالجے پر طویل مدتی اثر ات مرتب ہوتے ہیں لہٰذا علاج کے بعدان کے نمو میں رکائوٹ پیدا ہوسکتی ہے، اسی طرح بچپن کی جسمانی معذوری کے علاج کے لیئے طویل مدتی پیروی، والدین کی تفصیلی مشاورت اور بچوں کی خصوصی نگہداشت ضروری ہے جس کےذریعے معاشرے پران معذور بچوں کا بوجھ کم کیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین