• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلال چوہدری پر تشدد کا معاملہ غیر سیاسی و ذاتی نوعیت کا قرار


فیصل آباد میں پارٹی لیڈر طلال چوہدری پر تشدد کے حوالے سے قائم مسلم لیگ (ن) کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے معاملے کو غیرسیاسی اور ذاتی نوعیت کا قرار دے دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق کمیٹی نے فریقین کے باہمی معاملے کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار نہیں دیا اور معاملے کو سلجھانے کی صوابدید دونوں فریقین پر چھوڑنے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق خاتون ایم این اے کے گھر کے سامنے طلال چوہدری پر تشدد کے معاملے پر اکرم انصاری اور سائرہ افضل پر مشتمل کمیٹی نے اپنی رائے سے پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثنا اللّٰہ کو آگاہ کردیا۔


ذرائع کے مطابق طلال چوہدری پر تشدد کیس کی تحقیقات میں کمیٹی نے دونوں فریقین سے رابطہ کیا اور تمام ضروری معلومات حاصل کرلی ہیں اور سفارشات میں کہا کہ یہ معاملہ قطعی طور پر غیر سیاسی اور ذاتی نوعیت کا ہے۔

کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ دونوں فریق خاندانوں کا آپس میں میل جو ل تھا اور اب ان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا ہے، جس میں صلح کرنا یا معاملے پر کسی قسم کی قانونی کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا حق فریقین کو حاصل ہے۔

کمیٹی نے اپنی سفارشات میں بتایا کہ فریقین کے ہاہمی معاملے کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار نہیں دیا جاسکتا۔

یاد رہے کہ 23 ستمبر کو خاتون ایم این اے کے گھر کے سامنے تشدد سے طلال چوہدری کے بازو کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے صحافی کے سوال پر اس تصادم کو فریقین کا باہمی معاملہ قرار دیا تھا۔

تازہ ترین