• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم اجلاس، اسٹیئرنگ کمیٹی قائم، اپوزیشن کا پہلاجلسہ11 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہوگا

پی ڈی ایم اجلاس، اسٹیئرنگ کمیٹی قائم


اسلام آباد (نمائندہ جنگ)اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد (پی ڈی ایم)نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ، پہلا جلسہ 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہو گا۔

پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس منگل کو پاکستان مسلم لیگ ن پبلک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوا جس میں اپوزیشن کی 12 جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن رہنمائوں کی گرفتاریوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا اس ضمن میں امریکی ، برطانوی اور دیگر جمہوری ممالک کے ارکان کو خطو ط لکھے جائیں گے۔ 

پی ڈی ایم نے گلگت و بلتستان کے حوالے سے قانون سازی کے سلسلے میں حکومت سے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کیا اجلا س میں واضح کیا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم کے سوا کسی سے بات نہیں ہو گی ۔ 

احتجاجی تحریک کے سلسلے میں اسٹیرنگ کمیٹی مکمل کی گئی جس کے پہلے کنوینئر پاکستان مسلم لیک کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو مقرر کیا گیا ،اسٹئرنگ کمیٹی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے ارکان شامل کئے گئے ہیں ۔پی ڈی ایم کا کنوینر ہر ماہ تبدیل ہو گا جو اپوزیشن کی مختلف جماعتوں سے نامزد کیا جائے گا، پی ڈی ایم کا دوسرا اجلاس پیر پانچ اکتوبر کو ہو گا جس میں چاروں صوبائی حکومتوں اور دیگر بڑے شہروں میں احتجاجی جلسے اور جلوس منعقد کرنےکا شیڈول طے کیا جائے گا۔ 

اجلاس میں طارق فضل چوہدری ، شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق ، راجہ پرویز اشرف، مولانا عبدالغفور حیدری ، شیری رحمان ، نیئر حسین بخاری ، میاں افتخار، اویس نورانی ، اکرم درانی ، خواجہ سعد رفیق، فرحت اللہ بابر ، احسن اقبال شریک تھے ۔ 

اجلاس کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے سینئرنائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اجلاس میں آئینی تسلسل اور پارلیمنٹ پر قدغنوں کی مذمت ، مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، معیشت کی تباہی سمیت عوام کی پریشانی جیسے مسائل پر بحث کی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہʼپی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری دی گئی جو تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے کردار ادا کرے گی اور اس کا پہلا اجلاس بھی ہوا۔

تمام صوبوں میں پی ڈی ایم کے مرکزی جلسے ہوں گے ،دیگر شہروں میں بھی چھوٹے جلسے ہوسکتے ہیں۔پی پی رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ دیگر رہنماسمجھتے ہیں کہ وفاقی وزرا ٹی وی پر آکر ایک ہی بات کی رٹ لگاتے ہیں کہ ہم نے اتنے گرفتار کرلیا اور پیش گوئیاں کرتے ہیں کہ کون گرفتار ہوگا۔ 

اسی وجہ سے میں سمجھتا ہوں کہ نیب کی آزادانہ حیثیت متنازع ہوجاتی ہے۔

تازہ ترین