اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ کورونا کی ویکسین جلد دستیاب ہو گی‘ دنیا کے ہر فرد کو کورونا ویکسین تک آسان رسائی حاصل ہونی چاہئے‘ طبی اور معاشی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے وبا پر قابو پانا ضروری ہے‘ کورونا وباکے دوران مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کیلئے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکیج دیا‘ قرضوں کی واپسی میں نرمی ترقی پذیر ملکوں کی مالی مدد کا تیز ترین اور موثر طریقہ ہے، امیر ممالک غریب ملکوں کیلئے 500 ارب ڈالر کا فنڈ قائم کریں، سالانہ 1.5 ٹریلین اکٹھے کرنے کیلئے یو این انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ فیسیلیٹی قائم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ترقی کیلئے سرمائے کی فراہمی سے متعلق اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے وبا کا پھیلاؤ روکنے میں کامیاب رہا‘ دنیا اب بھی کورونا وبا سے مکمل محفوظ نہیں ہے، اس وقت تک کوئی محفوظ نہیں جب تک سب محفوظ نہ ہوں۔ جی 20 ممالک کی طرف سے قرضوں میں نرمی میں کم از کم ایک سال توسیع کی جائے،توسیع سے کریڈٹ ریٹنگ متاثر نہیں ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹیکس محصولات کم ہوئی ہیں، اس صورتحال میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری 40 فیصد اور تجارت 20 فیصد تک سکڑ گئی ہے۔