• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا بیانیہ کسی کیخلاف نہیں پاکستان کے حق میں ہے، شاہد خاقان


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارا بیانیہ کسی کے خلاف نہیں پاکستان کے حق میں ہے،وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے لئے قانونی آپشنز استعمال کرینگے،برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ہر جماعت نے ماضی سے سیکھا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے بولتے ہیں ریمارکس نہیں بولنے چاہئیں، عدالت کی طرف سے ایسے ریمارکس دینا مناسب بات نہیں ہے، عدالت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ قبول نہیں کی اور انہیں مفرور قرار دیدیا اب قانون اپنا کام کرے گا،نواز شریف بیمار ہیں علاج کروا کے پاکستان آئیں گے،مریض بات بھی کرتا ہے کھانا بھی کھاتا ہے چہل قدمی بھی کرتا ہے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پڑھ کر ان کی مرض کی تشخیص کی جائے۔ 

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 2018ء کے الیکشن کی حقیقت سارا پاکستان جانتا ہے، نواز شریف نے بیانیہ دیدیا ہے عوام کی امانت میں خیانت نہیں ہونی چاہئے اور ملک آئین و قانون کے مطابق چلے، ٹروتھ کمیشن بنا کر حقائق عوام کے سامنے رکھ دیں وہ خود فیصلہ کرلیں گے، اب ٹروتھ کمیشن بنانا پڑے گا نہیں بنے گا تو غیررسمی طور پر بن جائے گا، ماضی میں جو چیزیں اعتماد کی فضا میں ہوتی تھیں اب پبلک میں آگئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے قانونی آپشنز استعمال کریں گے، نواز شریف نے لندن میں وارنٹ گرفتاری وصول کرنے سے انکار کردیا، نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں۔

جسٹس کیانی نے آج ہر باضمیر پاکستانی کی آواز پیش کی، جمہوریت کے نام نہاد چیمپئن نے قانون سے فرار اختیار کیا ہوا ہے، قانون سے بھاگے ہوئے نواز شریف اور موٹروے ریپ کے ملزم میں مجھے کوئی فرق نظر نہیں آتا، اس ملزم نے کسی سے زیادتی کی نواز شریف نے ملک کے ساتھ زیادتی کی۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے ہر چیز پر بات ہوسکتی ہے لیکن کرپشن پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، اپوزیشن کو انگیج کرنے کیلئے سینئر حکومتی رہنماؤں پر مشتمل ٹیم بنائی گئی ہے۔

تازہ ترین