• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ اور اہلیہ میں کورونا، عالمی اسٹاکس و تیل کی قیمتیں گر گئیں

واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز) ٹرمپ اور اہلیہ میں کورونا ، عالمی اسٹاکس و تیل کی قیمتیں گر گئیں، عمران خان سمیت عالمی رہنمائوں کی امریکی صدر اور خاتون اول کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں۔ غیرملکی میڈیاکےمطابق امریکا میں 2 لاکھ ہلاکتوں کے باوجود بھی کورونا وائرس پر شک و شبہات کرنیوالے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابات سے ایک ماہ قبل کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر کے ذریعے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی اہلیہ میلانیا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور وہ دونوں جلد ہی صحتیاب ہوں گے، ٹرمپ کے بارے میںان کے ڈاکٹرز کاکہناہےکہ وہ خیریت سے ہیں، ٹرمپ اپنے دفتری امور قرنطینہ میں رہ کر انجام دے سکتے ہیں تاہم انہوں نے الیکشن کے سلسلے میں اپنی طے شدہ ریلی منسوخ کردی ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد دنیا بھر کے اسٹاکس میں مندی دیکھی گئی جبکہ تیل کی عالمی قیمتوں میں بھی ساڑھے 4 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز نیویارک کے ڈائو جونز اسٹاکس میں 1.2فیصد ، لندن کا ایف ٹی ایس ای اسٹاک ایک فیصد، فرانکفرٹ ڈیکس 30اسٹاکس 1.4فیصد، پیرس کاک 40اسٹاکس1.1 فیصد، یورو اسٹاکس 1.2 اور ٹوکیو اسٹاکس میں 0.7فیصد کمی دیکھی گئی ، اس کے ساتھ ساتھ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ تیل کی قیمت 4.4فیصد کم ہوکر 36.86ڈالرز فی بیرل پرآگئی جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ کی قیمت بھی 4.4 فیصد کمی کےساتھ 38.89ڈالرز فی بیرل تک آ گئی۔ادھرامریکی صدر اور خاتون اول میں کورونا کی تشخیص کے بعد دنیا بھر میں ہونیوالی ہلچل کے بعد وائٹ ہائوس میں ٹرمپ کے چیف آف اسٹافس نے کہاہےکہ امریکی صدرٹرمپ میں کورونا کی علامات معمولی نوعیت کی ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ صحت مند ہیں۔

تازہ ترین