نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اوّل ملانیا ٹرمپ کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبروں نے امریکی معیشت، سیاست اور وہائٹ ہائوس کو ایک نئے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے بلکہ خود صدر ٹرمپ کیلئے بھی متعدد سوالات پیدا کر دیئے ہیں۔
صدر ٹرمپ کورونا مثبت آنے سے ایک روز قبل ہی کورونا کو ماضی کی وباء قرار دیا تھا اور اس سے قبل وہ ماسک کو استعمال کئے بغیر اپنے حامیوں کی ریلیوں سے خطاب کرتے رہے اور احتیاطی ماسک کو بھی ایک سیاسی علامت اور مسئلہ بنا ڈالا تھا۔
صدر ٹرمپ نے نہ صرف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوئے بائیڈن کے ساتھ اپنے پہلے مباحثہ میں بائیڈن کے بڑے ماسک پہننے کی عادت کا نہ صرف مذاق اُڑایا تھا بلکہ اس سے قبل کورونا سے بچائو کیلئے مختلف دوائوں اور احتیاطی تدبیروں کا پرچار بھی کرتے رہے اور اپنی بہادری اور صحت کی مضبوطی کیلئے ماسک کے بغیر عوامی اور سیاسی اجتماعات اور وہائٹ ہائوس میں ملاقاتوں کا وطیرہ اختیار کر رکھا تھا۔
صدر ٹرمپ کو کورونا لاحق ہونے کی وجہ اُن کی قریبی معاون کا صدر ٹرمپ کے ساتھ مختلف مقامات کیلئے سفر کرنا بتایا جاتا ہے کیونکہ مذکورہ خاتون کو کورونا مثبت آیا تھا۔