سکھر (بیورو رپورٹ) ریلوے پولیس نے مضر صحت چھالیہ اسمگل کئے جانے کی کوشش ناکام بنادی، منشیات فروش مسافر ٹرین خیبر میل کے ذریعے بھاری مقدار میں مضر صحت چھالیہ کراچی لے جانے کی کوشش کررہا تھا کہ پولیس نے کارروائی کی، مضر صحت چھالیہ گٹکے کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہے۔ پولیس ترجمان داؤد احمد کے مطابق ریلوے پولیس کی جانب سے منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر کارروائی کی جارہی ہے، ایس ایس پی ریلوے شہباز ا لہی نے مسافر ٹرینوں کے ذریعے مضر صحت چھالیہ، گٹکا، پان پراگ سمیت دیگر اسمگل شدہ اشیاء کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے سختی سے احکامات دیئے ہیں جس پر ریلوے پولیس انتہائی متحرک ہوکر منشیات فروشوں کی کوششیں ناکام بنارہی ہے۔ ریلوے پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ منشیات فروش مضر صحت چھالیہ کی بھاری مقدار کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔