لاہور( نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی و سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال کی سینئر مرکزی رہنما مسلم لیگ(ن) بیگم عشرت اشرف کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کی۔دونوں رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمن، ایم این اے جاوید علی شاہ سمیت دیگر لیگی قیادت سے ملاقاتیں کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال ، تنظیم سازی سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔سینئرمرکزی رہنما مسلم لیگ(ن) چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ڈلیور کرنے میں مکمل طور پر فلاپ ہو گئی ہے ، ملکی اداروں ، معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے یہی وقت ہے کہ پاکستان کی بقاءاور قوم کی خوشحالی کے لئے محب وطن قوتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر مشترکہ جدوجہد کریں۔چوہدری محمد جعفر اقبال اور بیگم عشرت اشرف نے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تمام تر کوششیں سیاسی جماعتوں او رمحب وطن قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے پاکستان میں حقیقی جمہوری عمل کے نفاذ، آئینی تسلسل، مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمے کےلئے ہے جبکہ مانگے تانگے کے ترجمان اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد سے گھبرا کر اسے ادار وں کے درمیان ٹکراؤ کےلئے استعمال کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔