اسلام آباد(وقائع نگار)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہےحبیب جالب کا خواب پورا ہوا۔ پنجاب بھی جاگ گیا ہے۔ پنجاب بھی سندھ خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کی صف میں کھڑا ہواگیا ہے،پارلیمنٹ کی بالادستی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سیاسی کارکنوں کیلئےبغاوت اورغداری کےمقدمات تمغے ہیں، اب پنجاب کے سیاسی کارکنوں پر بھی دیگر صوبوں کی طرح بغاوت کے مقدمات درج ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 70 سال کے اس فرسودہ بیانیہ کو سندھ، بلوچستان اور کے پی کی طرح پنجاب نے بھی مسترد کر دیا ہے۔ پورا ملک ہائبرڈ نظام کے خلاف ہے۔ جتنے غداری کے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں۔ جمہوری سیاسی کارکنوں کے لئے تو بغاوت اور غداری کے مقدمات تمغے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے ترجمان نے کہا کہ غداری کے الزامات تو بانی پاکستان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید پر بھی لگائے گئے تھے۔ جن جن پر غداری کا الزام وہ قوم کے ہیرو ہیں اور ان پر الزامات لگانے والے خود خاک ہو چکے ہیں۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی ، آئین کی حکمرانی، بنیادی انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور میڈیا کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔