وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر سے وزیراعظم عمران خان لاعلم تھے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سینئر صحافی حامد میر کو جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس ایف آئی آر کے اندراج پر عمران خان نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اندراج مقدمہ کی بات میں عمران خان کے علم میں لے کر آیا اور انہیں بتایا کہ اس میں نواز شریف اور دیگر لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نےسابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر و دیگر کے خلاف درج مقدمے کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کسی نے کارروائی ڈالنے کے لیے ایسا کیا ہو، دیکھتے ہیں۔
فواد چوہدری نے اس کے ساتھ پیغام میں مزید کہا کہ بغاوت کے مقدمے بنانا ہماری پالیسی نہیں ہے، یہ نواز شریف کے دور کی باتیں ہیں، تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کی شطرنج پر ابھی ہماری چال باقی ہے، ن لیگ پیادے بچائے، شاہ اور وزیر کا کھیل تو ابھی دور ہے، ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے، جلدی کیا ہے۔
اس سے قبل حامد میر نے اپنے پیغام ایف آئی آر کا عکس شیئر کیا اور کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو یہ اعزاز مل گیا، ان کے دور میں پنجاب پولیس نے ریاست جموں و کشمیر کے منتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایف آئی آر کے ذریعہ دنیا بھر میں کشمیر پر پاکستان کے روایتی مؤقف کا مذاق اڑایا گیا۔