اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت لیگی رہنمائوں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا اہم معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے سامنے اٹھایا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔ وزیراعظم نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام کی حامی ہے نہ ہی ن لیگی رہنماؤں کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آر سے کوئی تعلق ہے۔ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ جب مجھے مقدمے کا علم ہوا، اس وقت میں سالگرہ کا کیک کاٹ رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نےایف آئی آر معاملے میں مداخلت نہ کرنے کی تجویز دی تاہم شیریں مزاری اور فواد چوہدری سمیت کئی وزرا نے مقدمے پر مختلف رائے دی۔