• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’چیخ ‘میں وجیح کا کردار ادا کرنے والے بلال عباس نے اداکاری میں اپنے نام کا لوہا منوانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑلیے ہیں۔

متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھانے والے بلال عباس خان کے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر 2 ملین یعنی 20 لاکھ فالوورز ہوگئے ہیں۔

بلال عباس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نظر دوڑائی جائے تو اداکار اپنی پوسٹس کے ذریعے اپنے مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کرتے دکھائی دیتے ہیں اور اس کے علاوہ اپنی نئی اور پُرکشش تصویریں بھی پوسٹ کرتے ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جاتا ہے۔

اگر ہم دیگر پاکستانی فنکاروں کی بات کریں جن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد ملین میں ہے تو اُن میں سرفہرست عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم ہیں جن کے اس وقت انسٹاگرام پر 5 اعشاریہ ایک ملین یعنی 51 لاکھ فالوورز ہیں۔

دوسرے نمبر پر گلوکار و اداکار علی ظفر ہیں جنہیں انسٹاگرام پر 4 اعشاریہ 4 ملین یعنی 44 لاکھ کے قریب صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

اس فہرست میں تیسرے نمبر پر گلوکار و اداکار فرحان سعید کا نام ہے جن کے انسٹاگرام پر 2 اعشاریہ 7 ملین یعنی 27 لاکھ فالوورز ہیں۔

یاد رہے کہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکاراؤں میں ایمن خان سر فہرست ہیں۔

تازہ ترین