• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیہا ککڑ نے کامیابی کے اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ دیے

بالی ووڈ کی مشہور گلوکارہ نیہا ککڑ کے مقبول ترین گانے ’ملے ہو تُم ہم کو ‘ پر ایک اعشاریہ 2 بلین یعنی ایک ارب سے زائد ویوز آگئے ہیں جس کے بعد گلوکارہ کا یہ گانا پہلا ’بھارتی لو سانگ‘ بن گیا جس پر ایک بلین ویوز آئے ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نیہا ککڑ نے اپنے بھائی ٹونی ککڑ کے ہمراہ ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے اُنہیں اتنی بڑی کامیابی ملی ہے۔



نیہا ککڑ نے اپنے ویڈیو پیغام میں سب سے پہلے اپنے بھائی ٹونی ککڑ کا شکریہ ادا کیا کیونکہ گانا ’ملے ہو تُم ہم کو’ کو کمپوز اور تحریر کرنے والے اُن کے اپنے بھائی ہی ہیں۔

گلوکارہ نے کہا کہ ’اُنہیں یقین نہیں آرہا ہے کہ اُن کا گانا بھارت کا پہلا لو سانگ بن گیا ہے جس پر ایک ارب سے زائد ویوز آئے ہیں۔‘

’ملے ہو تُم ہم کو‘


اُنہوں نے کہا کہ ’اس گانے کی ویڈیو صرف 11 ہزار روپے میں تیار کی گئی تھی لیکن آج اس کی مقبولیت دیکھنے کے بعد اس بات پر یقین ہوگیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے اچھی چیز کو کامیابی ضروری ملتی ہے۔‘

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نیہا ککڑ نے کہا کہ ’وہ اپنی اس کامیابی پر بےحد خوش ہیں اور تمام مداحوں کی بھی شُکر گزار ہیں۔‘

یاد رہے کہ بالی ووڈ گلوکار نیہا ککڑ کا گانا ’ملے ہو تُم ہم کو‘ سال 2016 میں ریلیز ہوا تھا، اس گانے کی گلوکارہ نیہا ککڑ ہیں جبکہ گانے کو کمپوز اور تحریر اُن کے بھائی ٹونی ککڑ نے کیا تھا۔

نیہا ککڑ کے مشہور گانوں میں ’یاد پیا کی آنے لگی‘، ’او ساقی ساقی‘، ’تُو ہی یار میرا‘، ’کلّا سوہنا‘ اور دیگر گانے شامل ہیں جبکہ نیہا ککڑ کے بھائی ٹونی ککڑ اور بہن سونُو ککڑ کا شمار بھی بالی ووڈ کے بہترین گلوکاروں میں ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش ہیں کہ نیہا ککڑ اور اُن کے دوست گلوکار روہن پریت سنگھ رواں ماہ کے آخر میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں لیکن دونوں گلوکاروں کی جانب سے اب تک اس خبر کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے ۔

تازہ ترین