اسلام آباد ( آن لائن/این این آئی ) سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ قومی احتساب بیورو (نیب) بدعنوانی کو ختم کرے ، بہت زیادہ کرپشن ہورہی ہے۔عدالت عظمیٰ نے نندی پور پاور پلانٹ آئل ٹینکرز گمشدگی کیس میں ایک ملزم محمد اسلم کی ضمانت منظورکرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا اور قرار دیا کہ مجموعی طور پر 134 ٹینکرز گم ہوئے۔
نیب نے 6 ٹینکرزغائب کرنے کے الزام میں ایک ملزم پکڑا،اس کیس میں نیب نے سب ملزمان کو گرفتار کیوں نہیں کیا،نیب نے ان سب کو چھوڑ کر 6 ٹینکرز غائب کرنیوالے کو گرفتار کرلیا،نیب امتیازی سلوک نہ کرے، سب ملزمان کو پکڑے، کریمنل چھاتیاں نکال کر باہر پھر رہے ہیں۔
جمعرات کو نندی پور پاور پلانٹ آئل ٹینکرز گمشدگی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔جسٹس مشیر عالم نے نیب پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ نیب امتیازی سلوک نہ کرے، مجموعی طور پر 134 ٹینکر گم ہوئے لیکن نیب نے اس ملزم کو پکڑ رکھا ہے جس پر 6 ٹینکرز غائب کرنے کا الزام ہے۔
دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ اس کیس میں جرم کی نوعیت ایک جیسی ہے۔باقی ملزمان کوگرفتارنہیں کیا، صرف ایک ملزم کوگرفتارکیا، جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ نیب امتیازی سلوک نہ کرے، ایک ملزم نے بارہ، دوسرے نے سترہ، تیسرے نے تیرہ آئل ٹینکر غائب کئے۔
جسٹس قاضی امین نے ایک موقع پر کہا کہ نیب کرپشن کو ختم کرے کرپشن بہت زیادہ ہورہی ہے،برابری کا سلوک نہ ہو تو ساتھ نہیں چل سکتا۔ وکیل درخواست گزار نے اس موقع پر موقف اپنایا کہ میرا موکل ایک سال دس ماہ سے قید میں ہے،کیس کے دیگر ملزمان کو نیب نے گرفتارنہیں کیا۔ نیب وکیل نیا عدالت کو بتایا کہ ملزم نے کراچی سے آئل ٹینکر پلانٹ پرنہیں پہنچائے۔