کراچی، اسلام آباد،راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ، خبرایجنسی، مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ شادی ہالز اور اجتماعات کوروناپھیلا ئوکے مرکزبن گئے ہیں،عوام کو صحت کی پرواہ نہیں ، ہاتھ ملانا معمول بن چکا ہے ، ایس او پیز نظرانداز کر دیئے گئے ہیں ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وائرس کاپھیلا ئو روکنے کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں اور اقدامات کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا،ملک میں کورونا وائرس سے 9افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 583 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،ملک میں فعال کیسز بڑھ کر 14559 ہو گئے، 497 کی حالت تشویشناک ہے،پنجاب میں تعلیمی ادارےکھلنے، عوامی مقامات، سرکاری دفاتر اور کاروباری مقامات پر SOPsکی خلاف ورزی کے بعد وائرس میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے بعد صوبے میں 856 مقامات پر مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا،سندھ میں 6 مریض چل بسے، 376نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے دنیا میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باجود پاکستان میں عوام کی طرف سے احتیاط کا دامن چھوڑ دینے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وبا سے نمٹنے کے لئے نئی حکمت عملی ترتیب دینے کا اعلان کر دیا ۔