پشاور (خصوصی نامہ نگار) خواتین یونیورسٹی صوابی اور لکی مروت یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی اشتراک پر اتفاق ہوگیا ہے یہ اتفاق خواتین یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی اور لکی مروت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب کی ملاقات میں ہوا ۔اس موقع پر سابق صدر شعبہ کیمیا جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عارف کاظمی اور عبدالولی خان یونیورسٹی کے ڈاکٹر عاطف کامل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کی مجموعی صورتحال اور نئی جامعات کو درپیش مسائل ، دونوں جامعات کے مابین مشترکہ تعلیمی اور تحقیقی امور پر اشتراک اور کانفرنسز کے انعقاد پرگفتگو ہوئی۔ ڈاکٹر شاہانہ نے کہا کہ جامعات کی ترقی کے لئے ریسرچ کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈاکٹر اورنگزیب خان نے خواتین یونیورسٹی صوابی میں نئے شعبے متعارف کروانے پر خراج تحسین پیش اور اسے شعبہ صحت کی ترقی کے لئے کلید قرار دیتے ہوئے موجودہ شعبوں کے معیار میں اضافے کے ساتھ مارکیٹ کی ضرورتوں کے مطابق نئے شعبوں کے قیام پر زور دیااور کہا کہ پاکستان میں بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں اسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامعات میں فوڈ سائنسز کے شعبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔