• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں خصوصاً ناشتہ کے وقت ڈبل روٹی (Bread) کا استعمال عام ہے۔ ہمارے ملک کے شہروں علاقوں میں  ڈبل روٹی ایک مقبول غذا ہے۔ گوندھے ہوئے آٹے میں خمیری اجزاء ملا کر سانچے میں پکائی ہوئی روٹی کو ڈبل روٹی کہا جاتا ہے۔ اسے سلائسز کی صورت میں کاٹا جاتا ہے۔ مختلف ممالک میں ڈبل روٹی تیار کرنے کا طریقہ الگ ہے، کہیں نمک ملے آٹے یا میدے سے تو کہیں آلو، مٹر یا چاول کا آٹا ملا کر اسے مزیدار بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ 3ہزار سال پہلے مصر میں ڈبل روٹی بنانے کا آغاز ہوا تھا۔ وہاں کے لوگ گوندھے ہوئے آٹے میں گھی اور کھانے کا سوڈا شامل کرکے اسے بھٹی میں پکاتے تھے۔ ڈبل روٹی بنانے کے اسی طرح کے نمونے مصر کے مقبروں میں بھی ملتے ہیں۔ ڈبل روٹی کی پسندیدگی اور اس کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے آج ہم اس سے بنی چند مزیدار ڈشز قارئین کی نذر کررہے ہیں۔

شاہی ٹکڑے

درکار اجزاء:

ڈبل روٹی۔ 8سلائسز

کنڈینسڈ ملک۔ 397گرام

کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ

چینی۔ آدھا کھانے کاچمچ ایک پاؤ

بادام۔ 15عدد باریک کٹے ہوئے

چھوٹی الائچی۔ 4عدد باریک کچلی ہوئی

گھی۔ حسبِ ضرورت

چاندی کے ورق۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

ڈبل روٹی کے سات سلائسز لیں اور ان کے کنارے کاٹ کر ہر ٹوسٹ کے دو برابر ٹکڑے کاٹ لیں ۔ پھر فرائنگ پین میں گھی گرم کر کے ان سلائسز کو ڈیپ فرائی کر لیں، جب دونوں طرف سے بادامی رنگ کے ہوجائیں تو نکال کر ٹشو پیپر پر پھیلا دیں تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔اب دودھ، کارن فلور، الائچی اور چینی کو فرائنگ پین میں ڈال کر ہلکا سا پکالیں۔ جب دودھ گاڑھا ہو جائے تو اتار لیں اور اسے فرائی کیے ہوئے سلائسز کے اوپر ڈال دیں۔ اوپر سے بادام چھڑک دیں اور خوبصورت ڈش میں چاندی کے ورق لگاکر مزیدار خستہ شاہی ٹکڑے پیش کریں۔

چیزی بریڈ فنگرز

درکار اجزاء:

بریڈ سلائس۔ آٹھ عدد

چیڈر چیز(کدوکش کی ہوئی)۔ آدھا کپ

ہری پیاز۔ دو عدد کٹی ہوئی

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

چکن پاؤڈر ۔آدھا چائے کا چمچ

نمک ۔حسب ِذائقہ

انڈہ۔ ایک عدد

تیل۔ تلنے کے لیے

ترکیب:

پہلے بریڈ سلائس کے کنارے کاٹ کر ان کے بریڈ کرمبز بنالیں۔ اب ایک پیالے میں چیڈر چیز، ہری پیاز، کالی مرچ، چکن پاؤڈر اور نمک ڈال کر مکس کریں۔ پھر بریڈ سلائس کو دبا کر اس میں تیار کی گئی فلنگ ڈالیں اور رول کر لیں۔ اب ان بریڈ رولز کو انڈے میں ڈپ کرکے کرمبز میں فولڈ کریں اور گرم تیل میں ڈیپ فرائی کر لیں۔ چیزی بریڈ فنگرز پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بریڈ سوس

درکار اجزاء:

ڈبل روٹی کے سلائس۔ دو عدد

دودھ۔ آدھ کلو

پیاز۔ ایک عدد

لونگ۔ چھ عدد

مکھن۔ دو چمچ

نمک۔ حسب ِذائقہ

کالی مرچ۔ حسب ِضرورت

ترکیب:

پیاز اور لونگ کپڑے میں باند ھ کر دودھ میں ابالیں۔ خوشبو آنے پر پیاز اور لونگ نکال لیں۔ اب ڈبل روٹی کے ٹکڑوں کو پیس کر دودھ میں ڈال کر ابالیں، ساتھ ساتھ چمچہ چلاتے رہیں۔ جب ڈبل روٹی پھول جائے اور سوس گاڑھی ہو جائے تو مکھن ڈال لیں۔ پھر نمک اور کالی مرچ ملا کر اتار لیں، لیجیے بریڈ سوس تیار ہے۔

بریڈ پیزا

درکار اجزاء:

بریڈ سلائس۔ دو عدد

ٹماٹر۔ دو عدد

پیاز۔ آدھی

لال شملہ مرچ۔ آدھی

ہری شملہ مرچ ۔آدھی

ہری پیاز۔ دو کھا نے کے چمچ

کالا زیتون۔ چھ عدد

ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کالی مرچ (پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

چیڈر چیز۔ دو کھانے کے چمچ

موزریلا چیز۔ دو کھانے کے چمچ

چلی گارلک سوس۔ دو کھانے کے چمچ

پیزا سوس۔ تین کھانے کے چمچ

چیز سلائس۔ دو عدد

ترکیب:

ایک برتن میں پیاز، لال شملہ مرچ، ہری شملہ مرچ، ہری پیاز، کالا زیتون، ہرا دھنیا، نمک، پسی ہوئی کالی مرچ، چیڈر چیز، موزریلا چیز اور چلی گارلک سوس ڈال کر ملا لیں۔ پھر بریڈ سلا ئس پر پیزا سوس لگائیں۔ اب تیار شدہ مکسچر کی ایک پَرت بریڈ پر لگا لیں اور اس پر چیز سلائس رکھ دیں۔ تیار شدہ بریڈ کو پین میں ڈھک کر تین سے چار منٹ تک ہلکی آنچ پر پکا ئیں ۔ لیجیے مزیدار بریڈ پیزا تیار ہے۔

بریڈ پکوڑے

درکار اجزاء:

ڈبل روٹی۔چھ سلائس

بیسن۔ایک کپ

سرخ مرچ۔ ایک چمچ

ہلدی۔ ڈیڑھ چمچ

سبز دھنیا۔ حسب ضرورت

نمک۔ حسب ضرورت

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

ڈبل روٹی کا سخت والا حصہ الگ کر کے اپنی مرضی کے مطابق اس کے ٹکڑے کر لیں ۔ باقی تمام اجزاء پانی میں ڈال کر ایک گاڑھا آمیزہ تیار کر لیں اور پھر ڈبل روٹی کے ٹکڑے اس آمیزے میں بھگو کر تل لیں۔ پلیٹ میں نکال کر پودینے کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

ڈبل روٹی کے رول

درکار اجزاء:

ڈبل روٹی کے سلائس۔ 8 عدد

آلو (میش کئے ہوئے) ۔2 عدد

کالی مرچ۔2چائے کے چمچ

پودینہ۔ ایک کھانے کا چمچ

ہرا دھنیا۔ حسب ضرورت

ہری مرچیں (چوپ کی ہوئیں) ۔2 عدد

قیمہ۔ ایک پاؤ

ادرک\لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک\چائے کا چمچ

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

ڈبل روٹی کے سلائس پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد سلائس کو باہر نکال کر دونوں ہاتھوں سے دبائیں تاکہ سارا پانی نکل جائے۔ اس کےبعد آلو میں نمک، کالی مرچ، ہرادھنیا، پودینہ اور ہری مرچ شامل کردیں اور اچھی طرح سے مکس کرلیں۔ پھر اسے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب ایک پین میں قیمہ، نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی اور زیرہ ڈال دیں اور ڈھانپ کر قیمے کا پانی خشک ہونے تک پکائیں۔ ڈبل روٹی کے سلائس میں ایک کھانے کا چمچ آلو اور قیمے کی فلنگ ڈالیں اور اس کے رول بنالیں۔ اسے آدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کرکے تمام رولز کو گولڈن فرائی کرلیں۔ گارنش کرکے کیچپ اور املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

ویجیٹیبل بریڈ سموسہ

درکار اجزاء:

پیاز۔ ایک عدد

اُبلے ہوئے مٹر۔ دس گرام

اُبلے ہوئے آلو۔ ایک پاؤ

تیل ۔ حسبِ ضرورت

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ

قصوری میتھی۔ ایک کھانے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

سوکھا دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچ۔ تین عدد

ہرا دھنیا ۔ حسب ضرورت

بریڈ سلائس۔ دو عدد

میدہ پیسٹ۔ دو کھانے کے چمچ

ترکیب:

ایک پین میں تیل گرم کریں اور پھر اس میں لہسن ڈال کر ایک منٹ تک پکا لیں۔ اب اس میں پیاز ، اُبلے ہوئے مٹر، نمک، ہلدی، قصوری میتھی، زیرہ پاؤڈر، سوکھا دھنیا، لال مرچ پاؤڈر اور پسے ہوئے آلو ڈال کر دو منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال دیں۔ اب ایک بریڈ سلائس لیں اور اس کے کنارے کاٹ کر بیلن کی مدد سے بیل لیں۔ پھراس پر تیار کیے ہوئے آمیزے کو رکھ کر میدے کا پیسٹ لگا کر فولڈ کرلیں۔ اب فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے اس میں تیار کیے ہوئے بریڈ سموسے ڈال کر گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کر لیں۔ لیجیے مزیدار ویجیٹیبل بریڈ سموسے تیار ہیں۔

چکن بریڈ رول

درکار اجزاء :

چکن( بون لیس ) ۔ آدھا کلو

آلو (ابلے ہوئے )۔ 2 عدد

بند گوبھی ( باریک کٹی ہوئی)۔ ایک چھوٹا پھو ل

شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی )۔ ایک عدد

گاجر (کش کی ہوئی)۔ ایک پیالی

نمک ۔حسبِ ذائقہ

کالی مرچ (پسی ہوئی )۔ دو چائے کے چمچ

ہری مرچ ( پسی ہوئی )۔ ایک چائے کا چمچ

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

انڈے ۔ 2 عدد

سینڈ وچ بریڈ ۔ایک عدد

ترکیب :

سب سے پہلے چکن کو اچھی طرح دھو کر ایک پین میں نمک ،کالی مرچ اور تھوڑا سا پانی ڈال کر ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ چکن میں صرف اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت گلنے تک خشک ہو جائے ۔ اب ایک پین میں پانی ابالیں اور اس میں سبزیاں ڈال کر صرف دو منٹ تک پکائیں اور پھر پانی سے نکال کر چھلنی میں ڈال دیں تاکہ ان کا سارا پانی نکل جائے۔ جب تک سبزیاں ٹھنڈی ہوں آپ ایک بڑے پیالے میں ابلے ہوئے آلو میش کریں اور تمام سبزیاں اس میں شامل کر دیں۔ جب چکن اچھی طرح گل جائے اور اس کا پانی بھی خشک ہو جائے تو اس کے باریک ریشے کر کے اسے بھی سبزیوں کے پیالے میں شامل کر دیں۔ سویا سوس اور ہری مرچیں ڈال کر تمام چیزیں اچھی طرح مکس کریں، رولز کا آمیزہ تیار ہے ۔

رولز تیار کرنے کے لئے پہلے کٹنگ بورڈ پر سلائسز رکھیں اور تیز چھری کی مدد سے ان کے کنارے کاٹ لیں ۔ پھر سلائسز کو پانی سے گیلا کریں اور دباکر فالتو پانی نکال دیں۔ اب اس میں چکن اور سبزیوں کا آمیزہ رکھ کر احتیاط سے رول کریں تاکہ وہ ٹوٹنے نہ پائیں۔ ایک پیالے میں دو انڈوں کو چٹکی بھر نمک اور کالی مرچوں کے ساتھ پھینٹیں اور رولز کو انڈے میں ڈبو کر تل لیں۔ لیجیے مزیدار چکن بریڈ رول تیار ہیں، چائے کے ساتھ پیش کریں ۔

تازہ ترین