• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مومل شیخ نے سب کا سپر اسٹار کس اداکار کو کہا؟

ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ مومل شیخ نے اپنے والد اور شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار، ہدایتکار اور فلمساز جاوید شیخ کو سب کا سپر اسٹار قرار دے دیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ مومل شیخ نے اپنے والد جاوید شیخ کی سالگرہ کے موقع پر اُن کے لیے ایک خاص پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں جاوید شیخ کے ہمراہ کچھ تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں باپ اور بیٹی کے درمیان بے پناہ محبت کو صاف دیکھا جاسکتا ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصاویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو بابا۔۔ آپ بہت سارے لوگوں کے لیے متاثر کن شخصیت ہیں، آپ بہت مہربان ہیں، سب کا خیال رکھنے والے ہیں، محنتی ہیں اور آپ نا صرف میرے بلکہ سب کے سپر اسٹار ہیں۔‘

مومل شیخ نے مزید لکھا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ آپ کو اچھی صحت ، زندگی میں بہت سی خوشیاں اور کامیابی عطا کرے، میں آپ سے بے حد پیار کرتی ہوں۔ ‘

اس کےعلاوہ انہوں نے اپنے کیپشن میں مختلف ایموجیز کا استعمال بھی کیا ہے جن میں ایک نظر بد کا ایموجی بھی شامل ہے۔

اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ 19 گھنٹے قبل شیئر کی تھی جسے اب تک تقریباً 70 ہزار 600 مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اُن کی اس پوسٹ پر صارفین کی جانب سے جاوید شیخ کو سالگرہ کی مبارک باد دی جارہی ہے اور اُن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جاوید شیخ رواں سال 8 اکتوبر کو 66 سال کے ہوگئے ہیں، وہ 8 اکتوبر 1954 کو پیدا ہوئے اور اُن کا اصل’ نام شیخ جاوید اقبال‘ ہے۔

جاوید شیخ نے پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پہلے ڈرامہ سیریل’شمع‘ سے شہرت حاصل کی۔ ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی مہارت کا لوہا منوانے کے بعد جاوید شیخ لولی ووڈ کی طرف چل نکلے اور 1975میں ریلیز ہونے والی فلم ’دھماکا‘سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔

جاوید شیخ نے کئی مشہور ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ بطور ہدایتکار اُن کی پہلی فلم’مشکل‘ تھی۔

جاوید شیخ اس وقت بھی پاکستانی شوبز انڈسٹری سے منسلک ہیں اور مختلف فلموں اور ڈراموں میں کردار نبھا رہے ہیں۔

تازہ ترین