کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات نے کراچی میں پورا ہفتہ گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہرقائد سمیت سندھ بھر کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران دن میں 11 بجے سے 4 بجے کے دوران شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران کراچی شہر اور اطراف میں درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیریںِ سندھ میں آئندہ 5 تا 7 روز موسم کبھی گرم اور کبھی شدید گرم رہے گا، جبکہ گرم موسم کے دوران ہوائیں شمال اور شمال مغرب سے چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہیٹ ویو 6 تا 8 دن اثر انداز ہو سکتی ہے، اس دوران شہری بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اشد ضرورت کے تحت نکلتے وقت گیلا رومال، تولیہ ساتھ لے کر چلیں۔محکمہ موسمیات کی ہدایت کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران شہری سر کو ڈھانپ کر رکھیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، پانی کی بوتل ساتھ رکھیں اور بار بار پانی پیئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو سکے جبکہ بچوں کو اس دوران گھروں سے باہر ہر گز نہ نکلنے دیں۔