• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آمنہ الیاس نے منہ پر آٹا مَل کر کیا پیغام دیا؟

شوبز انڈسٹری کی نامور ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے منہ پر آٹا لگا کر اپنے مداحوں کے لیے سوشل میڈیا پر ایک خاص پیغام جاری کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آمنہ الیاس نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے منفرد انداز میں رنگ گورا کرنے کی مخالفت کی ہے اور اپنے مداحوں کو ایک خاص پیغام دیا ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو میں آمنہ الیاس کہتی نظر آرہی ہیں کہ ’میں آمنہ الیاس، آپ میری کامیابی کی وجہ جاننا چاہتے ہیں؟ (اس کے بعد انہوں نے اپنے منہ پر آٹا لگایا اور کہا کہ) اب کریں گے میرے مداح میرا انتخاب، خدا کے لیے پہچانو خود کو۔‘

اس کے ساتھ ہی کیپشن میں ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ ’میرا گورا بننے کا سپنا سچ ہوا، مجھے سالگرہ مبارک ہو۔‘

ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کاشمار اُن اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو گہری رنگت کے حوالے سے ہمیشہ اپنی آواز بلند کرتی ہیں، اس بار بھی انہوں نے منفرد انداز اپناتے ہوئے رنگ گورا کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ رنگ تبدیل کرنے کے بجائے خود کو پہچانیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی آمنہ الیاس رنگ گورا کرنے والی کریم کی تشہیر کرنے والی اداکاراؤں کی کلاس لے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی تشہیر کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ ’انڈسٹری سے وابستہ میری کچھ ساتھی فنکارائیں پیسوں کی خاطر ایک عرصے سے رنگ گورا کرنے والی کریم کی تشہیر کر رہی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ’ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے ہمارا یہ کام ہے کہ ہم دوسرے کو اس کی خوبصورتی کا احساس کرائیں نہ کہ انہیں شرمندہ کریں اور احساس محرومی میں مبتلا کریں کہ وہ خوبصورت نہیں ہیں۔‘


اس سے قبل انہوں نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی گہری رنگت سے متعلق لکھا تھا کہ ’میری گہری رنگت مجھے ناکام نہیں کرسکتی اور نہ ہی مجھے میرے کسی بھی مقصد میں گِرا سکے گی۔‘

آمنہ الیاس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میری جِلد چاہے جیسی بھی ہو مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی اور اُنہیں حاصل کرکے رہوں گی۔‘

تازہ ترین