حال ہی میں عالمی وبا کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والی بھارتی اداکارہ ملائیکہ اروڑا نے سوشل میڈیا پر جھڑتےبالوں کا شرطیہ علاج بتایا ہے۔
رواں سال کے آغاز سے ہی پوری دنیا کو لپیٹ میں لے لینے والے کورونا وائرس سے ہر عام و خاص شخصیت نشانہ بن رہی ہیں، کورونا وائرس نے نا صرف انسانوں کو متاثر کیا ہے بلکہ اس کے اثرات معیشت پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
کورونا وائرس کی علامات سے لے کر مکمل صحتیاب ہونے تک کا تکلیف دہ دورانیہ اس وقت مزید مشکلات میں اضافہ کر دیتا ہے جب اس کا ٹیسٹ منفی آجانے کے بعد بھی اس کے اثرات ذہن اور جسمانی صحت پر رہتےہیں۔
اسی پریشانی سے نجات دلانے کے لیے ملائیکہ اروڑا نے فوٹو، ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بالوں کو تیزی سے گرنے سے روکنے کے لیے آزمودہ نسخہ بتا رہی ہیں۔
صبح سویرے دھوپ سیکتے ہوئے ملائیکہ اروڑا کا اپنی ویڈیو میں کہنا ہے کہ ’وہ اب کورونا وائرس سے مکمل صحت یاب ہو گئی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنے سپلیمنٹس بھی لے رہی ہیں مگر اُن کے بال بہت تیزی سے گر رہے تھے جن کا انہوں نے علاج ڈھونڈ لیا ہے۔‘
ملائیکہ اروڑا کے بتائے ہوئے نسخے کے لیے صرف ایک ہی جُز ’ پیاز ‘ درکار ہے ۔
ملائیکہ اروڑا نے پیاز کے رس کا استعمال بتاتے ہوئے ویڈیو میں کہا ہے کہ پیاز کو اچھی طرح سے پیس لیں، اب پیاز کے رس کو چھان کر روئی کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور کچھ دیر کے لیے لگا رہنے دیں بعد ازاں اپنے پسندیدہ شیمپو سے بالوں کو دھو لیں۔
ملائیکہ اروڑا کا اپنی ویڈیو کے آخر میں کہنا تھا کہ ’یہ عمل ایک ہفتے تک لگاتار دہرائیں، یقین کریں کہ اس نسخے کے بہترین نتائج آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔‘