• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائبرڈوار سے نمٹنے کیلئے دفتر خارجہ میں کمیونیکیشن اسٹریٹجک ڈویژن قائم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) دفترخارجہ کو سفارتکاری کے جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ہائبرڈ وار کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے دفترخارجہ میں کمیونیکیشن اسٹریٹجک ڈویژن قائم کیا گیا ہے. وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا میں کسی بھی ملک کے تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے دفترخارجہ اقدامات کرتا ہے اور اس کے لیے میڈیا پر انحصار ہوتا ہے اور جدید سفارت کاری میڈیا کے بغیر ممکن نہیں، اسلام آباد میں میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ دفترخارجہ میں اسٹریٹجک کمیونیکیشن ڈویژن کا مقصد بیانیے کو ابھارنا، کمیونیکیشن اسٹریٹجک مرتب کرنا اور اس پر عمل بھی کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ مخالف کا پراپیگنڈا ہوتا ہے اور آج کل جعلی خبروں کی بہار ہے اور جعلی خبروں کے حوالے سے پاکستان کے دشمن کا مقابلہ بھی کرنا ہے، جس کے لیے دفترخارجہ کو آپ کی مدد درکار ہے اور رہے گی. نئے تقاضوں اور ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ہم سیکھ رہے ہیں اور بہتری لا رہے ہیں، حقیقت تو بعد میں سامنے آتی ہے لیکن ایک تصور قائم ہوجاتا ہے جو غلط یا صحیح ہوسکتا ہے لیکن اس کا مقابلہ کیسے کیا جائے یہ بہت ضروری ہے اور اسی لیے ایس سی ڈی قائم کیا گیا،انہوں نے کہا کہ ہم نے انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں اور بریفنگز کے ذریعے دنیا کوقائل کیا کہ ہم نہ صرف دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں بلکہ اس کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں، جو بیانیہ بھارت کے ہاتھ میں آیا تھا اس کو دنیا اب آنکھیں بند کرکے تسلیم نہیں کرتی، دنیا ہم پرانگلیاں اٹھاتی تھی لیکن آج کہتے ہیں ہم پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں، اگر ہمیں 21ویں صدی کے خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کے چیلنجز سے صحیح معنوں میں عہدہ برآ ہونا ہے تو پھر ہمیں اپنے ٹول کٹ کو اپ گریڈ کرنا ہوگا جس کی کم ازکم ابتدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ہم اپنی خارجہ پالیسی کا کارنر اسٹون کہتے ہیں اور پچھلے کچھ عرصے سے خاص کر 5 اگست 2019 کو کیے گئے بھارت کے اقدامات سے اس کی اہمیت اور اجاگر ہوگئی ہے اور جو مسئلہ دبا ہوا تھا کافی حد تک انٹرنیشنلائز ہوچکا ہے۔

تازہ ترین