کراچی (اسٹاف رپورٹر) نوجوان دانش عزیز نے ناممکن کو ممکن کردکھایا اور سندھ کو کے پی کے کے خلاف دو وکٹ کی سنسنی خیز فتح دلوادی۔ چوتھی جیت کے بعد سندھ کے سیمی فائنل میں کوالی فائی کرنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی ناکامی کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں دانش عزیز کی ناقابل شکست 72 رنز کی اننگز نے سندھ کو ایک بار پھر یقینی شکست سے بچالیا۔24 سالہ بیٹسمین نے آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ دانش عزیز نے 47 گیندوں پر 8 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ انہوں نےآٹھویں وکٹ کے لیے انورعلی کے ہمراہ 77 رنز کی شراکت نےمیچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ میچ میں سندھ کو جیت کے لیے میچ کے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے کہ دانش عزیز نے افتخار احمد کو 2 چھکے اور 2 چوکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا، محض 34 رنز پر7 وکٹیں گنوادیئے تھے۔ سندھ نے 139 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ انور علی33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔فاسٹ بولر عثمان شنواری نے 3، عمران خان سینئر نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کے پی کی تجربہ کار بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور محض 87 رنز پر اس کے 7 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر عثمان خان شنواری نے 15گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنزپر مشتمل کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی، جس کی بدولت خیبرپختونخوا نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138رنز بنائے۔ مصدق احمد 25رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سہیل خان، حسان خان اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔