اسلام آباد(اے پی پی)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کورونا وبا ء کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز صوبائی حکام کے تعاون سے تیار کی گئی ہیں۔ گائیڈ لائنز کے تحت احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ تمام عوامی اجتماعات کی حوصلہ شکنی کی جائے کیونکہ ایسے اجتماعات کورونا وبا ء کے پھیلائو میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق عوامی اجتماعات ، ثقافتی و مذہبی اجتماعات ، نجی محافل ، سول سوسا ئٹیزکے اجتماعات اور کھیل و تفریح جیسے اجتماعات کے لیے علیحدہ سے ایس او پیز جاری کیے جارہے ہیں۔ جاری گائیڈلائنز میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی اجتماع جس کا انعقاد بہت ضروری ہو تو اس کے لیے علیحدہ سے انتظام کرنا ہوگا۔ کسی بھی اجتماع میں صرف 500 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی جب کہ اجتماع کا دورانیہ 3 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوگااور اجتماع میں شرکت کرنے والے تمام افراد کے لیے کرسیوں پر بٹھانے کی بات یقینی بنائی جائے گی اور اجتماع کے منتظمین سماجی دوری جیسے ایس او پیز کو یقینی بنائیں گے۔ کھلی فضا میں ہونے والے اجتماعات میں منتظمین اس بات کی یقین دہانی کرائیں گے کہ وہ داخلی اور خارجی راستوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد سمیت سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جاری گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ریلیاں اور روڈ پر اجتماعات کی حوصلہ شکنی کی جائے جبکہ ایسی تقریبات جن کا انعقاد ناگزیر ہے میں بڑی عمر کے افراد اور بچوں کی شرکت کی حوصلہ شکنی کی جائے جبکہ تمام شرکاء کو الگ الگ پانی کی بوتلیں فراہم کی جائیں اور کورونا کے خلاف آگاہی کے حوالے سے بورڈز آویزاں کیے جائیں۔