• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آمنہ حق کو موٹا کہنے پر آمنہ الیاس کی وضاحت

رنگ و جسامت کا مذاق اُڑانے والوں کے خلاف آواز اُٹھانے والی معروف اداکارہ اور ماڈل آمنہ الیاس کو گزشتہ کئی روز سے سابقہ ماڈل آمنہ حق سے متعلق کہی جانے والی بات پر تنقید کا سامنا ہے جس کے بعد انہوں نے خود پر تنقید کرنے والوں کو سوشل میڈیا پر کرارا جواب دے دیا۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماڈل آمنہ الیاس نے ایک طویل ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے سابقہ ماڈل آمنہ حق کو موٹا کہنے کے حوالے سے اپنی وضاحت پیش کی۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو کے آغاز میں آمنہ الیاس نے کسی کو آواز دے کر اُن کے لیے پراٹھا لانے کو کہا، اُس کے بعد انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ لوگوں سے مجھے کوئی بات نہیں کرنی کیونکہ میں آپ لوگوں کی وجہ سے ساری رات نہیں سو سکی ہوں۔‘

View this post on Instagram

#cancelculture

A post shared by Amna Ilyas (illy) (@aamnailyas) on


آمنہ الیاس نے کہا کہ ’دو سال پہلے اگر میں نے کسی کو موٹا کہا تو یہ سچ نہیں ہے، ٹی وی، میڈیا، بلاگرز ان سب کو نظر انداز کریں ، سچ کیا ہے میں آپ لوگوں کو بتاتی ہوں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ہمارا ایک نعمان نامی باورچی تھا جو کہ معذور تھا تو میں اُسے’’لولا نومی‘‘ کہہ کر بلاتی تھی جبکہ اُس وقت میں محض 6 برس کی تھی، میری کزن کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی تو دو سال تک میں نےاُسے گود میں نہیں اُٹھایا کیونکہ وہ بہت کمزور تھی تب میری عمر 12 سال تھی، میرے ایک اسکول ٹیچر توتلے تھے تو میں اُن سے تتلا کر ہی گفتگو کرتی تھی اُس وقت میں 15 سال کی تھی، اس کے علاہ میں اپنے بہترین دوست کو ٹڈا کہتی تھی۔‘

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے آمنہ الیاس نےکہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی کوموٹا نہیں کہا بلکہ اُس کی جگہ ہاتھی اور گینڈے جیسے الفاظ ضرور استعمال کیےہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پچھلی ویڈیو میں آپ لوگوں سے کہا تھا کہ ’’وہ میں نہیں ہوں‘‘ تو میں نے ٹھیک کہا تھا کیونکہ وہ میں ہوں نہیں بلکہ وہ میں تھی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ماں کے پیٹ سے کوئی بھی تمیز سیکھ کر نہیں آتا، اور اب برائے مہربانی یہ نہیں بولیے گا کہ آپ لوگوں نے کبھی ایسی باتیں نہیں کیں۔‘

اپنی ویڈیو سے آخر میں آمنہ الیاس نے کہا کہ ’آپ لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ ماضی میں غلط بات کرنے والا آج صحیح بات نہیں کرسکتا اور یہی وجہ ہے کہ کسی کو دوسرا موقع نہیں دیا جاتا۔‘


واضح رہے کہ آمنہ الیاس نے تین روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ رنگت اور موٹاپے کا مذاق بنانا ختم کریں۔ اداکارہ کے اس ویڈیو پیغام کے بعد سے اُن کی ایک دو سال پرانی ویڈیوسوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہورہی تھی جس میں وہ سابقہ ماڈل آمنہ حق کو ’موٹا‘ کہہ رہی ہیں۔

اُس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا، جس کی وضاحت میں آج انہوں نے ایک اور ویڈیو جاری کی ہے۔ 

تازہ ترین