مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں مادرِ ملت زندہ باد کا نعرہ لگانا بھی غداری کے مترادف ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہاکہ مزار قائد پر 2011ءمیں عمران خان کی موجودگی میں وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگے، موجودہ حالات میں ملک و قوم کے مسائل کا رونا اور ’ووٹ کو عزت دو‘ کا دکھ بانی پاکستان کے مزار پر نہ روئیں تو کہاں جائیں؟
انہوں نے بتایا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مادرملت زندہ باد کا نعرہ لگایا، پہلے نوازشریف کو تکلیف دینے کےلئے ان کے سامنے مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، آج مریم نواز کو کمزور کرنے کےلئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کیا گیا، لیکن اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ نواز شریف جھکے، نہ ہی ان کی بیٹی جھکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 10 سے زائد مرتبہ عمران خان کی موجودگی میں مزار قائد پر ہلڑی بازیاں ہوئیں، تب ان کی غیرت گھاس چرنے گئی تھی، عمران نیازی کو ایک ایک ظلم اور جبر کا بدلا سود سمیت واپس کیا جائے گا۔