کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کورونا کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے جلسے جلوس نہیں ہونے چاہئیں، گوجرانوالہ جلسے میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، نواز شریف کا بیانیہ پاکستان مخالف ہے، وزیراعظم سے کہوں گا اس پر قانون کے مطابق کارروائی کریں، لوگوں کو نواز شریف کی تقریر کا پہلے سے پتا ہوتا تو آدھا اسٹیڈیم بھی نہیں بھرتا، نواز شریف کے بیانیہ کی وجہ سے ن لیگ ٹوٹ جائے گی، نواز شریف کے انڈیا کے ساتھ رابطوں میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے، مسلم لیگی ارکان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ مس فائر تھا، بغاوت کا مقدمہ نواز شریف پر ہونا چاہئے تھا ،پاکستان مخالف عناصر کے ساتھ اگلی جنگ بلوچستان میں لڑی جائے گی، کورونا سے ٹڈی دل تک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں، کراچی کے نالوں کا کچرا تک فوج اٹھارہی ہے،بی بی کی شہادت کے بعد لوگ جائے وقوعہ پر آکر خون منہ پر لگا کر رورہے تھے، لوگوں کو روک نہیں سکتے تھے اسی لئے جائے شہادت کو دھویا گیا، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے فیصلہ کیا کہ ہم نے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں لیکن لوگوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے اس لئے جائے شہادت کو دھودیا گیا۔وہ جیو کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے جلسے جلوس نہیں ہونے چاہئیں، گوجرانوالہ جلسے میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، ٹائیگر فورس کنونشن میں تمام ٹائیگرز کو ماسک اور سینیٹائزر دیئے گئے، ٹائیگر فورس کنونشن میں ہنگامہ آرائی کووڈ 19کی وجہ سے نہیں ہوئی وہ ہماری فطرت ہے، نوجوان نسل کو کنٹرول کرنا مشکل ہے لیکن ہمیں یہ کام کرنا ہے۔ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ جلسہ میں مجرم نے اپنی تقریر میں بے حسی کا مظاہرہ کیا، لوگوں کو نواز شریف کی تقریر کا پہلے سے پتا ہوتا تو آدھا اسٹیڈیم بھی نہیں بھرتا، نواز شریف کا بیانیہ پاکستان مخالف ہے،عوام اس بیانیہ کو قبول کرنے کوتیار نہیں ہیں، ن لیگ کا یہی بیانیہ برقراررہا تو پارٹی تتربتر ہوجائے گی، مسلم لیگ ن کے لوگوں کا سیکیورٹی پرابلم بھی ہوجائے گا ۔ اعجاز شاہ نے کہا کہ کورونا سے ٹڈی دل تک فوج کی خدمات قابل تحسین ہیں، کراچی کے نالوں کا کچرا تک فوج اٹھارہی ہے، پچھلے ایک مہینے میں فوج پر فرنٹیئر میں45دہشتگردحملے ہوئے، فوج نے الیکشن میں آکر اپنا آئینی کردار ادا کیا، آپ ایس او پی بنارہے ہیں فوج کو نکال دیں وہ نہیں آئیں گے، فوج نے الیکشن میں دھاندلی کی تھی تو نواز شریف نے پارٹی کو جنرل باجوہ کی توسیع کیلئے ووٹ دینے کیلئے کیوں کہا۔