سکھر (بیورو رپورٹ) گھوٹکی کے رہائشی دھوبی کے اکاؤنٹ سے 12 ارب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشن کا معاملہ، محنت کش نے ایف بی آر سکھر کے دفتر پہنچ کر اپنے نام پر جاری کئے گئے نوٹس کو خارج کرنے کی درخواست جمع کرادی۔ ایف بی آر کی جانب سے گزشتہ روز گھوٹکی کی تحصیل خانپور مہر کے نواحی گاؤں ولو مہر کے رہائشی رمیش کمار کو اس کے اکاؤنٹس سے 12ارب 78 کروڑ 71 لاکھ 45ہزار روپے کی ٹرانزیکشن کئے جانے پر ٹیکس ادا کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق شوگر مافیا نے 12ارب روپے سے زائد کی چینی کی خریداری ظاہر کرکے لاکھوں میٹرک ٹن چینی ذخیرہ کی تاکہ چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے اس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاسکے، شوگر مل میں سینٹری ورکر کے طور پر کام کرنے والے رمیش کمار کو بطور خریدار ظاہر کیا گیا مگر اس کے نام پر 12 ارب روپے سے زائد کی چینی کی خرید و فروخت جھوٹ نکلی۔ رمیش کمار سال 2009 سے 2012 تک شوگر مل میں سینیٹری ورکر کا کام کرتا رہا، 2018 تک پرمننٹ واشر مین رہا، اس کے بعد ملازمت چھوڑ دی، 2سال قبل اکاؤنٹ سے کس نے ٹرانزیکشن کی، کوئی علم نہیں۔ مذکورہ شخص نے ایف بی آر سکھر کے دفتر پہنچ کر درخواست جمع کرائی ہے ، جس میں رمیش کمار نے بتایا ہے کہ میری کسی بھی بینک یا کسی کاروبار میں کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوئی ہے، میرے صرف 2بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں، ایک اکاؤنٹ پنشن فنڈ جمع کرانے اور دوسرا قرض لینے کے لئے کھلوایا تھا، برائے مہربانی میرے نام پر جاری کئے گئے نوٹس کو خارج کیا جائے۔