راولپنڈی (خبرنگار خصوصی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کابیانیہ عوام کی رائے کے احترام کا بیانیہ ہے ، نواز شریف کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہے ،ملک آئین کے مطابق چلے،آج ملک مشکل حالت میں ہے،خرابی کی بنیادی وجہ 2018 کے غیر منصفانہ الیکشنز ہیں، عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا گیا،اس وقت ہر شخص پریشان ہے۔ راولپنڈی ڈویژ ن کے ٹکٹ ہولڈڑز اور تنظیمی عہدیداروں سے خطاب کرتےہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ ایک تاثر دیا جاتا ہے کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ ایک ادارےکیخلاف ہےاس ادارے میں کون کام کرتا ہےاس میں میرے آپ سب کے بھائی،بیٹے عزیر رشتہ دار ہیں۔ ہماری جدوجہد ان چند ایک افراد کیخلاف ہے جو بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرتے ہیں اور عوام سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ان فیصلوں پر آمین کہیں۔ آج عوام اپوزیشن کی طرف بالخصوص مسلم لیگ ن کی طرف دیکھ رہی ہے اور وہ سمجھتے ہیں ملک کو ان مشکلات سے (ن) لیگہی نکال سکتی ہے۔تنظیمی اجلاس ڈویژنل صدرمسلم لیگ نون ملک ابرار احمد کے آفس نصیر آباد میں منعقد ہواجس میں فیصلہ کیا گیا مسلم لیگ نون 7 نومبر راولپنڈی میں ورکر کنونشن کریگی، ورکر کنونشن میں پشاور روڈ نزد راولپنڈی فلور مل کے پاس گراو نڈ میںہو گا۔