• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل حکمرانوں کے جرائم کورونا سے بھی زیادہ جان لیوا ہیں‘ عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیراطلاعات کی بدزبانی نے آخر یہ ثابت کردیا کہ اس کی حیثیت ایک کوچوان سے کم نہیں۔ وعدہ معاف گواہوں کا یہ ٹولہ پی ڈی ایم کی عوامی پذیرائی دیکھ کر بوکھلا گیا۔ اپنا قد اونچا کرنے اور آقائوں کی خوشنودی کیلئے اخلاقی گراوٹ کا عملی مظاہرہ کرنا ان کا روز کا معمول بن چکا ہے۔ سرکار کا بے سروکار ہوجانا ہی اس غیر حقیقی تبدیلی کو بنیاد فراہم کرنے کا سبب بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناک کے نیچے ہونے والی تاریخی کرپشن جلد اپنا رنگ دکھائے گی تب تبدیلی کے علمبرداروں کو نہ ہی منہ چھپانے کی جگہ ملے گی۔ یہ کہنا ہر گز غلط نہ ہوگا کہ الزام لگانے والوں کے لئے جیلوں میں جگہ بھی کم پڑ جائے گی۔ لکیر کے ان فقیروں کا نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی ان کی سیاسی تربیت ہوئی ہے۔ کڑا وقت آتے ہی یہ سیاسی قیدی کہلوانے کی بجائے رفو چکر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کیپٹن صفدر پر مفرور شخص کو مدعی بنا کر مقدمہ درج کروانا کوئی پہلا واقعہ نہیں یہ منفی طرزسیاست تبدیلی سرکار کے روزاول ہی سے جاری ہے۔ اپوزیشن کے بڑھتے دبائو کی وجہ سے جاری یہ سلسلہ اب مزید جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور یہ بھی ممکن ہے کہ ہر محاذ پر شکست کے بعد کورونا کی بڑھوتی کو ایشو بنا کر لاک ڈائون کے ذریعے تحریک کو سبوتاژ کرنے کی آخری کوشش کو بھی آزمایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ غیر حقیقی اور نااہل حکمرانی کے جرائم کورونا سے بھی زیادہ جان لیوا ہیں جو معیشت سمیت تمام معاشی سرگرمیوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔
تازہ ترین