اسلام آباد (نمائندہ جنگ) العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزائوں کیخلاف اپیلوں میں نواز شریف کی عدالت حاضری کیلئے جاری اخبار ی اشتہار اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہربھی چسپاں کر دیا گیا ہے۔ روزنامہ جنگ لاہور ایڈیشن میں شائع ہونے والا اشتہار پارکنگ گیٹ ، سائلین کے انٹری گیٹ اور وی آئی پی گیٹ کے باہر بھی آویزاں کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدالت طلبی سے متعلق روزنامہ جنگ لاہور ایڈیشن میں شائع ہونے والے اشتہار کی کاپیاں پلاسٹک کوٹنگ کرا کر ہائیکورٹ کے داخلی راستوں پر چسپاں کی گئی ہیں۔ اٹارنی جنرل آفس کے اہلکاروں کی جانب سے آویزاں کئے گئے اشتہار میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اپیلیں دائر کرنے کے بعد ان کی سماعت کے موقع پر عدالت پیش ہونے کے پابند تھے مگر وہ مفرور ہیں اس لئے بذریعہ اشتہار آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہوں۔