لندن (پی اے) بی بی سی کے صحافی مارٹن بشیر کورونا وائرس کی پیچیدگیوں سے سخت بیمار ہیں، یہ بات کارپوریشن نے بتائی ہے۔ 57 سالہ صحافی جنہوں نے 1995ء کے لیڈی ڈیانا کے انٹرویو کے ساتھ شہ سرخیاں بنائیں اس وقت بی بی سی نیوز کے ریلیجن ایڈیٹر ہیں۔ کارپوریشن کی ترجمان نے کہا کہ بی بی سی میں ہر ایک ان کی مکمل صحت یابی کے لئے دعا گو ہے۔ مارٹن بشیر نے پوپ سٹار مائیکل جیکسن اور سٹیفن لارنس کیس کے مشتبہ افراد کے انٹرویوز سے بھی شہرت پائی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ مارٹن بشیر سخت بیمار ہیں۔ مارٹن بشیر نے بی بی سی کے انویسٹی گیٹو پروگرام پانوراما میں شمولیت سے قبل 1987ء سے 1992ء تک بی بی سی نیوز کارسپانڈنٹ کے طور پر کام کیا تھا۔ 1995ء میں انہوں نے پرنسز آف ویلز لیڈی ڈیانا کاانٹرویو کیا تھا جنہوں نے اپنے ایک معاشقے کا اعتراف کیا تھا اور پرنس چارلس کے کمیلا پارکر سے تعلقات کا ذکر کیا تھا جو اس وقت ڈچز آف کورن وال ہیں بعدازاں 2004ء میں امریکہ منتقلی سے قبل انہوں نے ٹونائٹ آف آئی ٹی وی کے لئے کام کیا۔ انہوں نے امریکہ میں اے بی سی کے نائٹ لائن پروگرام میں میزبانی کی اور ایم ایس این بی سی پر نیوز اینکر کے طور پر کام کیا۔ سابق امریکی نائب صدارتی امیدوار سارہ پالن کو ورلڈ کلاس ایڈیٹ پکارنے پر انہوں نے معذرت نامے کے ساتھ 2013ء میں ایم ایس این بی سی سے استعفیٰ دےدیا تھا۔ 2016ء میں مارٹن بشیر نے مذہبی امور کے نامہ نگار کے طور پر دوبارہ بی بی سی میں شمولیت کرلی تھی۔