اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے وزراء کو ہدایت کی ہے کہ ملک اور ریاست کے بیانیے کی جنگ فرنٹ فٹ پرآکر لڑیں۔جمعرات کوعمران خان سے میاں محمود الرشید‘ ڈاکٹر یاسمین راشد ‘راجہ بشارت‘ فیاض الحسن چوہان ، ڈاکٹر مرادراس ، راجہ یاسر ہمایوں اورانصرمجید نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزراء سے استفسار کیا کہ پنجاب سے پارٹی کے سینئر صوبائی وزراء خاموش کیوں ہیں، آخر کیا وجہ ہے کہ وزرا ء میڈیا پر فرنٹ فٹ پر نظر نہیں آتے۔
وزیراعظم نے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کے پارٹی مؤقف کو اجاگر کرنے کے حوالے سے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیاض الحسن چوہان کی طرح دو سرے وزرا بھی کھل کر سامنے آئیں،سینئر وزرا خاموشی ختم کریں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ صنعتی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کی بدولت نہ صرف ملک میں معاشی عمل تیز ہوگا، نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے دولت کی پیداوار ممکن ہوگی جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے پاکستان کے معروف برآمد کنندگان کے ایک وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔