کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس کی عوام کو تحفظ دینے کی ذمہ داری ہے وہ خودمحفوظ نہیں،ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے کہا کہ کیپٹن صفدر اورمریم نواز کی چادر اورچار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، سابق اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا کہ نیب کا قانون اور ضابطہ فوجداری بھی روزانہ سماعت کا تقاضہ کرتا ہے لیکن عملی طور پر یہ ممکن نہیں ہے،ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس بات میں کوئی ابہام نہیں کہ کیپٹن صفدر کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، اس کارروائی سے کیپٹن صفدر اور مریم نواز کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، تحقیقاتی کمیٹی کے ٹی او آرز جاری ہونے تک سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں آئی تھی، اس وقت تک الزام تھا کہ پولیس کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن صفدر کو لے کر گئی، ایف آئی آر ہر چیز کی ہونی چاہئے اصل چیز تحقیقات کے نتائج ہیں، پولیس ایف آئی آر نہیں کاٹے تو سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی جاتی ہے۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے تیس دن سے پہلے کام مکمل کرلیا تو رپورٹ پہلے آجائے گی، تحقیقات ہونی ہے کہ کن کن لوگوں نے کس طریقے سے پولیس پر دباؤ ڈالا، تھانیدار سے دھمکی آمیز رویہ تھا یا نہیں تھا، تحقیقاتی کمیٹی پی ٹی آئی کے لوگوں کو بھی بیان ریکارڈ کروانے کیلئے نوٹس بھیجے گی، یہ جاننا ضروری ہے کہ کس کس نے پولیس کی آفیشل ڈیوٹی میں مداخلت کی کوشش کی تھی، اگر رینجرز کی انوالمنٹ سے متعلق کوئی ثبوت آیا تو رینجرز حکام کو بھی بلایا جائے گا۔