• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر سفارتی مہم کامیابی سے جاری، آزاد کشمیر کا یوم تاسیس آج بھرپور انداز سے منائیں گے، راجہ نجابت

بریڈ فورڈ ( محمد رجاسب مغل ) جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ و یورپ میں آج آزاد کشمیر کا یوم تاسیس بھرپور انداز میں منایا جائے گا ،27اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر کورونا وائرس کی بندش کے باعث احتجاجی ورچوئل کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا ۔تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ 14اکتوبر سے جاری نئی ʼکشمیر سفارتی مہم کے سلسلہ میں جاری سرگرمیاں کامیابی سے جاری ہیں ۔ اس حوالے سے برطانوی و یورپین ممبران پارلیمنٹ ، میئرز ، کونسلرز ، مختلف تنظیموں کے سربراہان سے اس مہم کے تحت ہونے والی تقریبات میں شرکت اور مہم کی کامیابی کے لئے رابطے جاری ہیں ۔جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل 14اکتوبر سے کشمیر کے حوالے سے سفارتی مہم چلا رہی ہے جس کا اختتام نومبر کے آخرمیں ہو گا ۔ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر ورچوئل کانفرنسز میں برطانوی اور یورپین ممبران پارلیمنٹ ، کشمیری اور پاکستانی سیاسی رہنماء اور انسانی حقوق کے نمائندے شریک ہوں گے ۔2نومبر کو اسلام آباد میں یوتھ پارلیمنٹ کے اشتراک سے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی خصوصی دعوت دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراھم ، سینئر وائس چیئرمین بیرسٹر عمران حسین ، شیڈو وزیر ناز شاہ ، کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی جیمز ڈیلی ، شیڈو وزیر ایم پی ٹریسی برابن ، ایم پی الیکس سوبل ، اور لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گوون نے تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اوربرطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار کو ہر سطح پر معاونت کی یقین دہانی کرائی ۔ تحریک حق خود ارادیت کے پاکستان اور آزاد کشمیر کے ذمہ داران بھی اسلام آباد میں سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے جن میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ، ممبران قومی اسمبلی اور ممبران قانون اسمبلی اور دیگر کا تعاون بھی حاصل ہو گا ۔ تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی ٹیم اکتوبر اور نومبر کے مہینے میں ʼ کشمیر سفارتی مہم ʼ کے تحت ہونے والی سرگرمیوں کی کامیابی کے لئے متحرک ہے ۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے تحریک کی آمدہ سرگرمیوں کی تفصیلات جاری کر دیں ۔ یکم نومبر کو گلگت بلتستان کا یوم آزادی منایا جائے گا ۔5نومبر کو دیگر کشمیری خواتین شہداء اور خواتین رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خواتین رہنمائوں اور تنظیموں کے تعاون سے خواتین کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے زیر اہتمام 6نومبر یوم شہدائے جموںکے موقع پر سیالکوٹ /لاہور میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اوردیگر ممبران اسمبلی و سیاسی رہنمائوں کے ساتھ سے منایا جائے گا۔10نومبر کو تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کی مرکزی ایڈوائزری میٹنگ منعقد ہو گی اور اہم سیاسی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی ۔ 11 نومبر سے 15اکتوبر تک تحریک حق خود ارادیت کی ٹیم مظفرآباد اور گلگت بلتستان کا دورہ کرے گی ۔ 20سے 30نومبر تک تحریک حق خود ارادیت برطانیہ ، پاکستان اور آزاد کشمیر میں ممبران پارلیمنٹ ، سیاسی رہنمائوں، انسانی حقوق کے نمائندوں اور خواتین رہنمائوں کے تعاون سے مختلف سرگرمیاں منعقد کرے گی ۔ اس موقع پر تقریبات اور کانفرنسز کے حوالے سے تحریکی عہدیداران کے علاوہ برطانوی ، یورپین ، پاکستانی اور آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ کے ارکان سے بھی مشاورت کی گئی۔ اس حوالے سے ممبران اسمبلی ، اہم شخصیات ، مندوبین اور دیگرمعززین کو دعوت نامے ، ای میلزاور مراسلہ جات ارسال کردیئے گئے ہیں۔ 

تازہ ترین