• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے بجلی کے شعبے کو ڈی سینٹرلائزکرنے کا فیصلہ کرلیا

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) حکومت نے بجلی کے شعبے کو ڈی سینٹرلائزکرنے کا فیصلہ کرلیا،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سفارش کی ہے کہ پرانے پاور پلانٹس کو بند کردیا جائے،ذرائع کے مطابق بڑی تبدیلیوں کا منصوبہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیاہے ،جس کے تحت تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کردیا جائیگا۔بلوں کی کم وصولی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہوگی، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی بجلی فروخت معاہدہ کے تحت تمام کمپنیوں کو بجلی کی فروخت جاری رکھے گی اور وفاق این ایف سی ایوارڈ کے تحت اسکی قیمت حاصل کرے گا۔پلان کے تحت ہر صوبے اور اسکی تقسیم کار کمپنی کو اضافی بجلی لینے کی اجازت ہوگی۔ کمپنیاں اور صوبائی حکومتیں ائی پی پیز کے ساتھ معاہدہ بھی کرسکیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کی روک تھام، سپلائی میں بہتری اور لوڈشیڈنگ میں کمی بھی ان ہی کے ذمے ہوگی۔صوبے کے ماتحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ بجلی فروخت کا معاہدہ کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا،لیکن معاہدہ کے تحت صرف کمپنی کی مینجمنٹ پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کی جاسکے گی۔نیپرا پاور سیکٹر کی ریگولیٹ کا کام جاری رکھے گا۔جبکہ دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سفارش کی ہے کہ زیادہ ایفی شینسی والے پاور پلانٹس کو ترجیح دی جائے اور پرانے پاور پلانٹس کو بند کردیا جائے۔
تازہ ترین