• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنانے کی تیاری مکمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ون ڈے اور ٹی 20 کے بعد ٹیسٹ کا کپتان بنانے کی بھی مکمل تیاری کر لی ہے فیصلے کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں زمبابوے کی سیریز کے بعد کیا جائے گا۔جلد اظہر علی سے احسان مانی فیصلہ کن میٹنگ کریں گے۔ اظہر علی اس وقت کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کا میچ کھیل رہے ہیں۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کی عدم موجودگی میں پی سی بی نے کمیٹی کے سب سے با اثر رکن سے اس سلسلے میں مشاروت کی ہے اور ان کی جانب یہی رائے سامنے آئی ہے کہ اظہر علی کوذمے داریوں سے سبکدوش کردیا جائے۔ تاہم اظہر علی بیٹسمین کی حیثیت سے پاکستان ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ جائیں گے۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی سمیت بورڈ کے ذمے دار اس حساس معاملے پر بات کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ کرکٹ کمیٹی کے رکن اور سابق کپتان کی جانب سے بابر کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی دینے پرغور ہورہا ہے لیکن بابر کا کیس مضبوط ہے۔ رضوان کو نائب کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے۔ انگلینڈ کی سیریز کے ساتھ ہی اظہر کے عہدے کی معیاد ختم ہوچکی ہے۔ پی سی بی ان کے معاہدے کی تجدید نہیں کرنا چاہتا اس سلسلے میں حتمی فیصلہ چیئرمین احسان مانی کریں گے۔انہی کو کپتان مقر ر کرنے کا استحقا ق ہے۔

تازہ ترین