سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میں سی ٹی ڈی پولیس کی کارروائی، مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2مبینہ دہشتگرد مارے گئے، مارے جانیوالے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، کیلیں، نٹ بولٹ، بال بیرنگ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس سکھر کے مطابق ضلع سکھر کے نزدیک جعفرآباد لنک روڈ پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب دیر گئے سی ٹی ڈی پولیس سکھر اور کراچی کی ٹیم نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، مقابلے میں 2دہشتگرد مارے گئے، جن کی لاشیں سی ٹی ڈی پولیس نے تحویل میں لیکر سول اسپتال پہنچائیں، مارے جانیوالے دہشتگردوں کی شناخت مجیب اللہ اور محمد انور کے نام سے ہوئی ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان طارق گیڈر گروپ سے ہے، دہشتگردوں کے خلاف گارڈن پولیس کے اے ایس آئی محمد یونس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔دہشتگردوں کے قبضے سے دو پسٹل، گولیاں، ایک کلو بارودی مواد، بال بیرنگ، نٹ بولٹ، کیلیں، ایک موٹر سائیکل ودیگر سامان برآمد ہوا ہے۔